جموں/یکم مئی
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) کی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز کہاکہ بی جے پی عوام کا کنٹرول اور اعتماد کھو چکی ہے ۔
محبوبہ نے کہاکہ بی جے پی کے جھوٹے وعدوں سے لوگ تنگ آچکے ہیں اس لئے پورے ملک میں تبدیلی ناگزیر بن گئی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس کو الیکشن کے دوران پتہ چلے گا کہ پی ڈی پی کتنی مضبوط ہے ۔
ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے راجوری میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
پی ڈی پی صدر نے کہاکہ سوچی سمجھی سازش کے تحت راجوری ، اننت ناگ پارلیمانی نشست پر الیکشن کو موخر کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی پہلے ہی شکست کھا چکی ہے کیونکہ انتخابات کو موخر کرنا اس بات کا بین ثبوت ہے کہ بھاجپا نے ہار تسلیم کی ہے ۔
سابق وزیر اعلیٰ کے مطابق پی ڈی پی غریب پارٹی ہے ۔” ہمارے کارکن اپنی جیبوں سے پیسے خرچ کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی چناو کمیشن نے الیکشن کو موخر کیا“۔
محبوبہ نے کہاکہ بی جے پی کی جانب سے لوگوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ اگر انہوں نے پراکیسی امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال نہیں کیا تو۷۴۹۱جیسے حالات پیدا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا لیڈروں کی جانب سے رائے دہند گان کو دھمکیاں دینا ناقابل برداشت ہے اور اس حوالے سے چناو¿ کمیشن کو سخت کارروائی عمل میں لانی چاہئے ۔
سابق وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پی ڈی پی جموں وکشمیر کے لوگوں کے دلوں میں بستی ہے ۔انہوں نے کہا”پی ڈی پی لوگوں کے دلوں میں بستی ہے ، ہوسکتا ہے کہ کچھ لوگ کچھ دیر تک ہم سے ناراض تھے“۔ان کا کہنا تھا”جو کام پی ڈی پی نے تین برسوں میں کئے دوسری جماعتوں نے وہ کام پچاس برسوں میں بھی نہیں کیا۔“