سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے لال پورہ علاقے میں ایک جنگجو معاون کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے اسلحہ و گولہ باردو بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کپوارہ پولیس، فوج کی۲۸آر آر اور سی آر پی ایف کی۱۶۲بٹالین کی ایک ٹیم نے کپوارہ کے گنڈ ماچر برج پر مشترکہ ناکہ لگا دیا۔
ترجمان نے کہا کہ اس دوران سیکورٹی فورسز نے سفید رنگ کا ایک بیگ اٹھائے ایک شخص کو مشکوک حالت میں نقل و حرکت کرتے ہوئے دیکھا جو لال پورہ سے گنڈ ماچر کی طرف آ رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا’’فوری کارروائی انجام دیتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے مذکورہ شخص کو دھر لیا گرچہ اس نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی‘‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران اس شخص نے اپنی شناخت رفیق احمد گنائی ولد غلام احمد گنائی ساکن لال پورہ کے طور پر کی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے ایک پستول، ایک پستول میگزین‘۱۰گولیاں‘۲ہینڈ گرینیڈ اور ایک موبائل فون بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں یو ایل اے (پی) کے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن لال پورہ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔