نئی دہلی//یوتھ کانگریس نے کہا ہے کہ ملک میں بے روزگاری اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے اور سرکاری محکموں میں تقریباً 10 لاکھ عہدے خالی پڑے ہیں، جن پر بھرتی کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا ہے ۔
یوتھ کانگریس کے میڈیا انچارج ورون پانڈے نے منگل کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اطلاعات کے حق قانون کے تحت موصول ہونے والی معلومات کے مطابق مرکزی حکومت کے مختلف محکموں میں لاکھوں عہدے خالی پڑے ہیں اور ملک کے نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیںاور ہر قدم پر ٹھوکریں کھا نے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس میں آر ٹی آئی ڈپارٹمنٹ کے نائب صدر آنند مشرا نے حق اطلاعات قانون کے تحت حکومت سے معلومات طلب کی جس کے مطابق مرکزی حکومت کے مختلف محکموں میں نو لاکھ 80 ہزار سے زیادہ عہدے خالی پڑے ہیں اور حکومت ان آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے ۔
مسٹر پانڈے نے کہا کہ ریلوے جیسے اہم محکمے میں 2 لاکھ 93 ہزار 943 اسامیاں خالی ہیں جبکہ محکمہ داخلہ میں 1 لاکھ 43 ہزار 500 اسامیاں خالی ہیں۔ اسی طرح ملک کی سرحدوں سے متعلق سول ڈیفنس میں 2 لاکھ 64 ہزار 706اسامیاں خالی ہیں جبکہ محکمہ ڈاک میں 90 ہزاراسامیاں خالی ہیں۔ اسی طرح وزارت خارجہ، محکمہ زراعت، کھیل اور نوجوانوں کے امور اور دیگر محکموں میں بھی اسامیاں خالی پڑے ہیں۔
یوتھ کانگریس کے صدر سرینواس بی وی نے اس حوالے سے مرکزی حکومت پرشدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ 2014 میں مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت بنی تھی اور انہوں نے ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن نو سال سے زائد عرصہ تک گزر جانے کے بعد بھی وہ اناسامیوں کو پر کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
مسٹر سرینواس نے کہا کہ ملک کے نوجوان اب مودی حکومت سے گمراہ ہونے والے نہیں ہیں اور ملک کے نوجوان عام انتخابات میں نوجوان مخالف حکومت کو اکھاڑ پھینکیں گے ۔