نئی دہلی// ملک میں مردوں کی ہاکی کے مستقبل کو مضبوط بنانے کی سمت میں ہاکی انڈیا نے قومی کوچنگ کیمپ کے لیے 40 رکنی مردوں کے سب جونیئر کور گروپ کی شروعات کی ہے۔
کور گروپ میں خاص طور پر ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سردار سنگھ کیمپ کے مشیر اور کوچ کے طور پر کام کریں گے۔ 21 اگست سے رورکیلا کے عالمی معیار کے برسا منڈا ہاکی اسٹیڈیم میں شروع ہونے والا قومی کوچنگ کیمپ پورے ملک سے سب سے زیادہ ہونہار اور ہنر مند نوجوان کھلاڑیوں کو جمع کرنے کے لیے ایک مرکز کے طورپر کام کرے گا۔ ان کھلاڑیوں کا انتخاب ہاکی انڈیا سب جونیئر نیشنل چیمپئن شپ میں ان کی حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
کیمپ کے بعد یورپ میں بین الاقوامی میچز ہوں گے جہاں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع ملے گا۔ قومی کوچنگ کیمپ کے کور گروپ میں گول کیپر راہل بھاردواج، عاطف خان، ابھیمنیو گوڑا اورڈیفنڈر سکھمن پریت سنگھ، متھلیش سنگھ، نتن، سہیل علی، سمیع رضوان، پردیپ منڈل، روہت کلو، وشال پانڈے، آشو موریہ، اجول پال شامل ہیں۔
کیمپ میں مڈ فیلڈرز میں نیرج، روہت ٹرکی، گھورن لوہرا، روہت پردھان، سریش شرما، پربھجوت سنگھ، منمیت سنگھ رائے، ارون جے، راہل راج بھر، راہل یادو، آفریدی، بیجے شا اور فارورڈز گرپریت سنگھ، سریجن یادیو، ہیپی، سنیل ، رتیندر پرتاپ سنگھ، آشیر عادل خان، دیوناتھ نانور، دیپک پردھان، یوجن منج، ہرشدیپ سنگھ، کیتن کشواہا، روہت ایرنگبام سنگھ، اجیت یادو، سندرجیت ایم، اور محمد زید شامل ہیں۔
کوچ سردار سنگھ نے کہا، "مردوں کے سب جونیئر کور گروپ کا آغاز ہاکی انڈیا کے ہندوستانی ہاکی کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کے جاری سفر میں ایک اہم لمحہ ہے۔ یہ تاریخی اقدام ہاکی انڈیا کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی ایک متحرک پائپ لائن تیار کرنے کے لیے ثابت قدم لگن کی عکاسی کرتا ہے، جو عالمی سطح پر مردوں کی ہاکی کے خوشحال مستقبل کی ضمانت دیتا ہے۔”
انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ "قومی کوچنگ کیمپ ان نوجوان کھلاڑیوں کو ایک جامع تجربہ فراہم کرے گا۔ میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ ان نوجوان کھلاڑیوں کو اعلیٰ ترین کوچنگ، جدید ترین سہولیات اور اعلیٰ سطح پر مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کرکے، ہمیں ان کی بہترین کارکردگی اور اپنے ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت پر غیر متزلزل یقین ہے۔