سرینگر//
جموں کشمیر میں پنچایتی انتخابات کو اپنے مقررہ وقت پر منعقد کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے اسٹیٹ الیکشن کمشنر ‘ برج راج شرما‘ نے کہا کہ ان انتخابات کے انعقاد کے تئیں قانونی کی پاسداری عمل میں لائی جائے گی۔
ایک نیوز چینل کے ساتھ گفتگو میں شرما نے کہا کہ پنچاتی انتخابات کے انعقاد کے متعلق قانون یہی کہتا ہے کہ پانچ برس کی مدت ختم ہونے سے قبل انتخابات منعقد ہونے چاہئے۔
شرما نے کہا’’ہم (یعنی سٹیٹ الیکشن کمیشن) قانون کی پاسداری اور عمل آوری کریں گے۔‘‘
یہ سوال پوچھے جانے پر کہ کیا سیاسی جماعتوں کو ان انتخابات کے لئے سرگرمیاں کرنی چاہئے؟ انہوں نے کہا کہ ’’ان کو تیاریاں کرنی چاہئے۔‘‘
یاد رہے کہ جموں کشمیر میں پنچایتی نظام کی پانچ برس کی مدت دسمبر جنوری میں ختم ہو رہی ہے البتہ انتخابات تین ماہ قبل یعنی اکتوبر نومبر میں طے ہے۔
جموں کشمیر میں اکتوبر نومبر سنہ۲۰۱۸ میں پنچایتی و بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے تھے۔ ان انتخابات کا نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے بائیکاٹ کیا تھا۔ ان جماعتوں نے کہا تھا کہ مرکزی سرکار دفعہ ۳۷۰؍اور ۳۵کی منسوخی کے متعلق تحفظات ختم کرے۔ تاہم مرکزی سرکار نے انکی نہ سنی اور انتخابات منعقد کئے۔ بعد میں ایک برس بعد دفعہ ۳۷۰؍ اور۳۵؍ اے کو بھی منسوخ کیا گیا۔
بعد ازاں نیشنل کانفرنس نے سنہ۲۰۱۸کے انتخابات کے بائیکاٹ کو بڑی غلطی قرار دیا تھا۔ تاہم آنے والے پنچایتی و بلدیاتی انتخابات میں یہ دنوں جماعتیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی ہیں حتی کہ یہ جماعتیں ان انتخابات کے لئے سرگرمیاں بھی انجام دے رہی ہیں۔
سابق بیروکریٹ برج راج شرما کو گزشتہ ہفتے جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اس سٹیٹ الیکشن کمیشنر کے عہدے پر فائز کیا۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر جموں کشمیر میں پنچایتی اور ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات منعقد کرتا ہے۔