سرینگر//
سٹیٹ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری‘ آلوک کمار نے کہا ہے کہ ۱۲ویں جماعت کا۶۵ فیصد نتیجہ ایک اچھا رجحان ہے۔
کمار نے کہا کہ دیہی علاقوں کے سرکاری سکولوں نے اس سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ آنے والے سالوں میں اس میں بہتری آئے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع تھا جب جموں و کشمیر کے دونوں ڈویڑنوں میں یکساں کیلنڈر کے تحت امتحانات ایک ساتھ منعقد کیے گئے تھے۔
پرنسپل سکریٹری نے کہا کہ ماضی کے برعکس اس بار سال بھر طلبہ حاضر ہوئے جس سے طلبہ کی کارکردگی میں بہتری آئی اور خاص طور پر ۱۲ویں جماعت کا نتیجہ جمعہ کی شام کو یو ٹی سطح پر ۶۴ فیصد پاس ہونے کے ساتھ اعلان کیا گیا۔
کمار نے کہا کہ پورے جموں و کشمیر میں تقریباً ایک لاکھ۲۷ہزار۶۳۶ طلباء نے امتحانات میں شرکت کی تھی جن میں سے۸۲ہزار۴۴۱ نے کوالیفائی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحان ۱۲۵۵ مراکز پر منعقد کیا گیا تھا اور یہ سافٹ اور ہارڈ زون میں منعقد کیے گئے تھے۔
پرنسپل سکریٹری کاکہنا تھا کہ اعلان کردہ نتائج کے مطابق، لڑکیوں نے لڑکوں کے مقابلے میں کامیابی کی شرح زیادہ حاصل کرکے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔