واشنگٹن//
روس وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاہرووا نے کہا ہے کہ ہم ترکیہ کے ساتھ تعلقات میں صدررجب طیب ایردوان کے بیانات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں کہ جن میں انہوں نے دو طرفہ مفادات پر مبنی کثیر الجہتی تعاون کے فروغ کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
زاہرووا نے دارالحکومت ماسکو میں ہفتہ وار پریس کانفرنس میں ایجنڈے کے موضوعات سے متعلق سوالات کے جواب دیئے۔
اس سوال کے جواب میں کہ آیا روس، ترکیہ میں نئی حکومت سے روس اور امریکہ کے ساتھ متوازن تعلقات چلانے کی توقع رکھتا ہے ؟ زاہرووا نے کہا ہے کہ سب سے پہلے ہم نے ترکیہ کے نو منتخب صدر رجب طیب ایردوان کے بیانات پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ ان بیانات میں صدر ایردوان نے انقرہ کے ، روس کے ساتھ دو طرفہ مفادات کے حامل کثیر الجہتی تعاون کے فروغ میں دوام کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ” ہم ترکیہ کے تعمیری موقف کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ہم اپنی طرف سے بھی ایسے ہی دو طرفہ موقف کے اطلاق کی حوصلہ افزائی کریں گے اور اس کے نتائج پر بغور نگاہ رکھیں گے”۔