ورجینیا //
امریکی ریاست ورجینیا کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست ورجینیا میں ایٹریا تھیٹر کے باہر قائم اسکول میں گریجویشن کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے اسکول میں بھگدڑ مچ گئی۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد اسکول میں منگل کو ہونے والی گریجویشن کی تقریب کو منسوخ کردیا گیا ہے جب کہ تمام کلاسز میں تدریسی عمل بھی روک دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ سے گریجویشن کی تقریب میں آنے والے باپ اور بیٹا ہلاک ہوئے جن کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے 19 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔