نئی دہلی// وزیر داخلہ اورتعاون امت شاہ نے آج کہا کہ آئیڈیل پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیز (پی اے سی ایس) کی تشکیل کے سلسلے میں مرکز کی طرف سے بنائے گئے ضوابط کو 17 ریاستوں نے قبول کر لیا ہے ، جہاں ان کی تیزی سے تشکیل کی جائے گی۔
آج یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ ملک میں پانچ سال کے اندر دو لاکھ گرام پنچایتوں میں پی اے سی ایس کی تشکیل کی جائے گی، جو کثیر جہتی ہوگی۔ اس وقت ملک میں 63 ہزار کوآپریٹو سوسائٹیاں کام کر رہی ہیں، جنہیں پچیس سو کروڑ کی لاگت سے کمپیوٹرائز کیا جا رہا ہے ۔ اس سے مقامی زبانوں میں کام ہو سکے گا اور کوآپریٹیو میں بھی شفافیت آئے گی۔ نئے قوانین کے تحت ملٹی ڈسپلنری پیکس تشکیل دی جائے گی جو25 قسم کے کاروبار کر سکیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس کے تحت پٹرول پمپ، اسٹور ہاؤس، واٹر سپلائی، جن اوشدھی کیندر اور سستے اناج کی دکانیں چلائی جا سکتی ہیں۔ ڈیری پہلے ہی کوآپریٹو سیکٹر میں کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام سے پی اے سی ایس دیہی معیشت کا توانائی کا مرکز بنے گا اور لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ کثیر جہتی کوآپریٹو سوسائٹی بیج کے کاروبار اور دیگر تحقیق، نامیاتی مصنوعات کے کاروبار اور برآمد کے شعبے میں بھی کام کرے گی۔