نئی دہلی// انسداد منشیات اسکواڈ نے جنوب مشرقی دہلی کے بدر پور میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 4.5 لاکھ روپے مالیت کا 27 کلو گرام گانجہ برآمد کیا ہے ۔
ساؤتھ ایسٹ ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنر راجیش دیو نے جمعہ کو کہا کہ ضلع میں ممنوعہ اشیاء کی فروخت پر لگام لگانے اور منشیات فروشوں کو پکڑنے کے لیے ایک پولیس ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ ٹیم کو بدھ، 19 اپریل کو خفیہ اطلاع ملی کہ بدر پور میٹرو اسٹیشن پر ایک خاتون سمیت دو افراد ایک شخص کو منشیات فروخت کرنے آئیں گے ۔
اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹیم نے بدر پور کے وائن شاپ کے قریب جال بچھا دیا۔ کچھ دیر بعد ٹیم نے بدر پور میٹرو اسٹیشن کے نزدیک پلاسٹک کے بیگ لیکر آرہی ایک خاتون سمیت دو لوگوں کو پکڑ لیا۔ بیگ کی جانچ پڑتال پر اس میں سے 27 کلو گانجہ برآمد ہوا۔ اسمگلروں کی شناخت ہری رام ولد بھنور سنگھ (24) ساکن تھورا، اتر پردیش اور روینہ (34) ساکن آگرہ، اتر پردیش کے طور پر کی گئی ہے ۔
اس سلسلے میں بدر پور پولیس اسٹیشن میں انسداد منشیات ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ مسلسل پوچھ گچھ پر دونوں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ دونوں بے روزگار تھے اور کچھ عرصہ قبل سماج دشمن عناصر کے رابطے میں آئے تھے ۔ جلدی پیسہ کمانے کے لیے انہوں نے منشیات کی اسمگلنگ کا رخ کیا۔
دونوں ملزمان گریجویٹ ہیں اور ان کی کوئی سابقہ مجرمانہ تاریخ نہیں ہے ۔