نئی دہلی/پنجی//صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار نے کہا کہ ہندوستان کی G-20 کی ترجیحات کثیرجہتی پر مرکوز ہیں جو 21 ویں صدی کے بہت سے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ذمہ دار ، جامع، مساوی اور نمائندہ پلیٹ فارم کے لیے ہیں۔
ڈاکٹر پوار نے گوا میں پیر کے روز G-20 کے ہیلتھ ورکنگ گروپ کی دوسری میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی G-20 چیئرمین شپ کا موضوع ‘ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل’ ہے جو مقصد پر عمل کرنے کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے ۔ ہندوستان کووڈ کی ٹیکہ کاری، تشخیص، علاج کی مساوی رسائی کے ساتھ صحت کی نگہداشت فراہمی کے لچکدار نظام کے جاری منصوبوں کو جامع بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی صحت کے شعبے میں جاری مشاورت کی رفتار سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے اور تعاون پر مبنی نگرانی، کمیونٹی کے تحفظ، طبی مداخلتوں کی رسائی اور ہنگامی رابطہ جیسے اہم پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہیلتھ ایمرجنسی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے ۔ اس کے لیے اصلاحات کا انتظار بھی نہیں کیا جا سکتا ہے ۔
میٹنگ میں سیاحت، بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر مملکت پد نائک، نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر وی کے پال، مرکزی وزارت صحت کے سکریٹری راجیش بھوشن اور G-20 کے رکن ممالک کے نمائندوں، خصوصی مدعو ین، بین الاقوامی تنظیموں، فورموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
مسٹر راجیش بھوشن نے وبائی امراض کے خطرات کو کم کرنے کے لیے ‘ایک صحت’ کی ویژن کے ذریعے صحت کے نظام میں ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ویکسین اور علاج کی دستیابی کو یقینی بنا کر کووڈ-19 کی روک تھام اور کنٹرول کو جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔