بیجنگ//
چین کی جانب سے تائیوان کی صدر Tsai Ing-wen کے دورہ امریکا کے ردعمل میں شروع کی گئی فوجی مشقیں تیسرے روز بھی جاری ہیں۔
امریکی اسپیکر کی تائیوانی صدر سے ملاقات کے بعد چین کی جانب سے آبنائے تائیوان میں فوجی مشقیں شروع کی گئی تھیں جس پر امریکا کی جانب سے چین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
چینی فوج کے مطابق مشقوں کے تیسرے روز لڑاکا طیاروں نے تائیوان کے قریب اہداف کو نشانہ بنانے کی مشق کی۔
فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایچ 6K لڑاکا طیاروں نے تائیوان آئی لینڈ کے قریب حقیقی اسلحے کے ساتھ اہداف پر حملہ کرنے کی مشق کی۔8 اپریل سے جاری ان مشقوں کو چین نے جوائنٹ سورڈ کا نام دیا ہے۔
چینی فوج کے مطابق ان مشقوں کا مقصد تائیوان کی ناکہ بندی کی صلاحیت کو جانچنا ہے۔تائیوان کا کہنا ہے کہ مشقوں کے دوران چین کے 70 جہاز وں نے تائیوانی حدود کے قریب پرواز کی ہے جبکہ 11 چینی بحری جہاز بھی دیکھے گئے ہیں۔
تائیوانی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ 45 چینی طیاروں نے آبنائے تائیوان میں میڈین لائن کراس کر لی تھی اور تائیوان کے جنوبی حصے کے اوپر اڑان بھرتے رہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں تائیوان کی صدر نے کیلیفورنیا میں امریکی ایوان نمائندگان کانگریس کے اسپیکر میک کارتھی سے ملاقات کی تھی۔