نئی دہلی// ارب پتی گوتم اڈانی کی سربراہی میں اڈانی گروپ آف انڈسٹریز کے بارے میں امریکی مندڑیا فرم ہنڈنبرگ ریسرچ کی رپورٹ سے مچے طوفان کے درمیان دنیا کی ریٹنگ ایجنسیوں فچ اور موڈیز نے جمعہ کو کہا کہ اڈانی گروپ کی کمپنیوں پر قرض کی ادائیگی کے لیے فی الحال کوئی دباؤ نہیں ہے ، جو بنیادی طور پر ریگولیٹری نظام کے تحت کاروبار کر رہی ہیں۔
دونوں کمپنیوں نے گروپ کی درجہ بندی کو کم کرنے کا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اڈانی گروپ کی درجہ بندی سے منسلک کمپنیوں کے لیے کوئی بڑا غیر ملکی قرض ادا کرنے کی ضرورت مالی سال 2024-25 سے پہلے پیش نہیں آئے گی۔ وہ گروپ کے لیے قرض کی دستیابی اور اس کے طویل مدتی اخراجات اور کسی بھی ممکنہ ریگولیٹری یا قانونی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ 24 جنوری 2023 کو ہنڈنبرگ ریسرچ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے بعد، اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے حصص بہت تیزی سے اور بہت نیچے آگئے ہیں۔ ہندستان میں اس حوالے سے سیاست بھی شروع ہو گئی ہے ۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے اڈانی گروپ پر سیاسی گٹھ جوڑ کے ذریعے پبلک سیکٹر کی مالیاتی کمپنیوں کا سرمایہ نکالنے کا الزام لگاتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ، جس کے نتیجے میں پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے آغاز میں ہی تعطل پیدا ہوگیا ہے ۔
ریٹنگ ایجنسی فچ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اڈانی گروپ کی مختلف کمپنیوں پر ماضی قریب میں کوئی بڑی غیر ملکی دین داری نہیں ہے اور گروپ کے خلاف امریکہ میں قائم منڈیا کمپنی کی تازہ ترین رپورٹ کا ان کی کمپنیوں کی درجہ بندی پر اس وقت کوئی اثر نہیں پڑا ہے ۔
فِچ نے کہا ہے کہ وہ اڈانی گروپ کی جن کمپنیوں کی مالی حالت کی نگرانی کرتی ہے ان کی کریڈٹ میں آسانی اور قرض کی طویل مدتی لاگت اور کسی بھی منفی ریگولیٹری/قانونی کارروائی یا ماحولیاتی، سماجی یا آپریشنل مسائل پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ۔
سنگاپور سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے اڈانی گروپ کو مستقبل قریب میں کسی بڑے غیر ملکی کرنسی والے بانڈ کی کوئی بڑی ادائیگی نہیں کرنی ہے ۔
اڈانی گروپ نے ہنڈن برگ رپورٹ کا 413 صفحات پر مشتمل جواب جاری کیا، جس میں اس کی رپورٹ کو ذاتی مفادات سے متاثر اور ہندوستانی سیکورٹیز مارکیٹ قوانین کے تحت مجرمانہ فعل قرار دیا ہے ۔
اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی نے کہا ہے کہ گروپ کی کمپنیوں کے پاس ایک ٹھوس کاروبار اور صحت مند نقد بہاؤ ہے اور گروپ کسی بھی دین داری کو پورا کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹا ہے ۔