نئی دہلی//کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیر کو راج گھاٹ پر بابائے قوم مہاتما گاندھی اور تمام سابق وزرائے اعظم کی سمادھیوں پر جاکر خراج عقیدت پیش کیا۔
مسٹر گاندھی دہلی میں سخت سردی کے درمیان صبح راج گھاٹ گئے اور باپو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ہی ملک کے تمام سابق وزرائے اعظم کی سمادھیوں پرپھول چڑھائے ۔ مسٹر گاندھی اس وقت کنیا کماری سے کشمیر تک منعقد کی گئی بھارت جوڑو یاترا کے دوران دہلی میں ہیں اور یاترا کو 30 دسمبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے ۔
مسٹر گاندھی نے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی سمادھی شانتی ون، لال بہادر شاستری کی سمادھی وجے گھاٹ، اندرا گاندھی شکتی استھل، چودھری چرن سنگھ کی کسان گھاٹ، راجیو گاندھی کی ویربھومی اوراٹل بہاری واجپئی کی سمادھی سدیو اٹل پرخراج عقیدت پیش کیا۔