کولکتہ، //ہندوستان کے سابق آل راؤنڈر اور بیٹنگ کوچ سنجے بانگر نے کہا ہے کہ جسپریت بمراہ کی چوٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 سے قبل ہندوستان کے لئے ایک بڑا دھچکہ ہے، لیکن یہ دوسرے گیند بازوں کے لیے اپنی کارکردگی کو ثابت کرنے کا موقع بھی ہے۔
بانگر نے اسٹار اسپورٹس کے پروگرام کرکٹ لائیو میں کہا، جسپریت بمراہ کی چوٹ ہندوستانی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ ہندوستانی بولنگ میں بمراہ کی عدم موجودگی سے کئی ٹیمیں ہندوستان کے خلاف کھیلنے کا انداز بدلیں گی۔ ہندوستان کے لیے یہ پریشانی کا سبب بن سکتا ہے لیکن ایک شخص کا زخمی ہونا دوسرے شخص کے لیے ایک موقع ہے۔ امید ہے کہ دیپک چاہر یا شامی یا ارشدیپ ورلڈ کپ میں متاثر کرسکتے ہیں۔
بمراہ کی چوٹ نے کئی دعویداروں کو ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ سلیکٹرز کے پاس محمد شامی، دیپک چاہر اور محمد سراج کی شکل میں تین متبادل موجودہیں اور انہیں 15 اکتوبر سے پہلے ایک نام فائنل کرنا ہوگا۔
جنوبی افریقہ کے سابق تیزگیندباز ڈیل اسٹین نے بمراہ کی جگہ گیندبازکے انتخاب پر کہا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے۔ آپ توقع کر سکتے ہیں کہ ورلڈ کپ کسی کھلاڑی کو خود سے بہتر ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ کھلاڑی معمول سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس لیے جو بھی بمراہ کی جگہ لے گا، مجھے امید ہے کہ وہ بھی ایسا ہی کرے گا۔ بمراہ جیسے کھلاڑی کی جگہ پُر کرنا بہت مشکل ہے۔ وہ ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں۔ ہندوستان اس ورلڈ کپ میں ان کی کمی محسوس کرے گا۔