اندور// ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ راہل دراوڑ نے کہا ہے کہ ٹیم کو ڈیتھ اوورز میں بہتری کے لیے اپنے منصوبوں کو بہتر طریقے سے نافذ کرنا ہوگا۔
ہندوستانی گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دوسری بار 200 سے زیادہ رنز دیے۔ ڈیتھ اوورز میں ہندوستان کی گیند بازی ایک بار پھر قابل فراموش رہی اورپروٹیاز نے آخری پانچ اوورز میں 73 رن جوڑتے ہوئے 20 اوورز میں 227 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔
دراوڑ نے اپنے گیند بازوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’فلیٹ وکٹوں‘ پر گیند کرنا آسان نہیں ہے اور ہندوستان کے خلاف کھیلنے والی ٹیموں کو بھی اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دراوڑ نے منگل کو یہاں میچ کے بعد کی پریس کانفرنس میں کہا، "ظاہر ہے کہ آپ (کھیل کے) تمام شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یقیناً ڈیتھ اوورزمیں بھی، لیکن اگر آپ دیکھیں تو یہ سپاٹ وکٹ ہے ۔ یہاں آخری اوورز میں گیند کرنا آسان نہیں ہے۔ نہ صرف ہماری ٹیم کے لیے، بلکہ دوسری ٹیم کے لیے بھی۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ ایسی ٹیمیں ہیں جن کے باؤلنگ اٹیک میں کافی تجربہ ہے، اور انھوں نے آخری اوورز میں جدوجہد کی ۔”
انہوں نے کہا، "لیکن ہاں، مجھے لگتا ہے کہ ہمیں انہیں نہیں بلکہ خود کو دیکھنا چاہیے۔ ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہم کس طرح بہتر اور بہتر ہو سکتے ہیں۔ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں ہم یقیناً بہتری لانا پسند کریں گے۔ ہم جانتے ہیں کہ جب آپ بڑے ٹورنامنٹ کھیلتے ہیں۔ ، توغلطی کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے۔ ہر رن، باؤنڈری معنی رکھتی ہے ۔اگر ہم انہیں کھیل کے کسی بھی مرحلے پر روک سکتے ہیں، تو یقیناً فرق پڑے گا۔”
کوچ دراوڑنے میڈیم پیسر ہرشل پٹیل کی خراب فارم پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گیند بازوں کو ٹیم کے منصوبوں کو بہتر طریقے سے انجام دینے کی ضرورت ہے۔
"یقینی طور پر، وہ اکیلے نہیں ہیں۔ مجموعی طور پر ڈیتھ(اوور) میں سب کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ بعض اوقات ہمارے پاس کچھ اچھے منصوبے اور حکمت عملی ہوتی ہے لیکن اس پر بہت زیادہ عمل نہیں ہوتا ہے۔ اس لیے میں ہرشل کو انفرادی طور پر الگ نہیں کروں گا۔ ہمیں ایک گروپ کے طور پر بہتر کام کرنے کی ضرورت ہے۔”