اترکاشی// اتراکھنڈ کے سرحدی ضلع اترکاشی میں دروپدی کی ڈنڈا 2 پہاڑی چوٹی کے قریب برفانی تودے سے اب تک سات لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے مطابق اب تک آٹھ کوہ پیماؤں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے ۔ اب تک 25 افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔
فضائیہ نے دو چیتا ہیلی کاپٹروں کو بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کیا ہے ، باقی تمام ہیلی کاپٹروں کے بیڑے مزید کسی بھی ضرورت کے لیے اسٹینڈ بائی پر ہیں۔
نہرو ماؤنٹینیرنگ انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل امیت بشٹ نے بتایا کہ این آئی ایم کے 40 تربیت یافتہ افراد کی ایک ٹیم دروپدی کے ڈنڈا 2 پر گئی تھی۔
ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر دیویندر پٹوال نے کہا کہ این آئی ایم پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کر رہی ہے ۔ جائے واقع پر این آئی ایم کے ساتھ دو سیٹلائٹ فون موجود ہیں۔ ریسکیو آپریشن کے لیے این آئی ایم کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ کیا جا رہا ہے ۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بچاؤ آپریشن میں تیزی لانے کے لیے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے فضائیہ کی مدد طلب کی ہے ۔ جس پر راج ناتھ نے مدد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے برفانی تودہ گرنے سے سات ٹرینرز کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سی ایم دھامی سے بھی بات کی اور واقعہ کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے فضائیہ کو ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت دی۔