دبئی// ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں سری لنکا کی جیت کے ہیرو بھانوکا راج پکشے نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلی گئی اننگز ان کے کیریئر کی بہترین اننگز میں سے ایک تھی۔
پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے 58 رن پر پانچ وکٹیں گنوائیں لیکن راج پکشے ٹیم کو پریشانی سے نکالنے والے بن کر ابھرے اور انہوں نے 45 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 71 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔
راج پکشے نے وینندو ہسرنگا کے ساتھ 58 رن اور چمیکا کرونارتنے کے ساتھ 54 رن کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو 170 رن تک پہنچایا۔ سری لنکا نے راج پکشے کی بے مثال بلے بازی کی بدولت آخری پانچ اوور میں 53 رن جوڑے جو بعد میں فیصلہ کن ثابت ہوئے۔
راج پکشے نے کہا، "یہ یقیناً ایک شاندار لمحہ ہے۔ یہ میری بہترین اننگز میں سے ایک ہے جو میں نے بہت کم وقت میں کھیلی ہے۔ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے تھے کہ دو دہائیاں قبل ہماری ٹیم میں جو جارحیت تھی وہ آج بھی برقرار ہے۔ ہم نے ایک ٹیم کے طور پر یہ کام بخوبی انجام دیا ہے۔ اب ہم (ٹی 20) ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں اور اس لے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔”
راج پکشے نے کہا، "یہ جیت بحیثیت قوم خاص ہے کیونکہ ملک اس وقت بحران کے دور سے گزر رہا ہے۔ سری لنکا کے لوگوں کے لیے یہ مشکل وقت ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم اہل وطن کے چہروں پر مسکراہٹ لانے میں کامیاب ہوسکیں گے۔
سری لنکا کو چھٹا ایشیا کپ خطاب دلانے والے کپتان داسن شناکا نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں افغانستان کے ہاتھوں آٹھ وکٹوں کی مایوس کن شکست کے بعد ٹیم نے بہت ٖغور وخوض کیا تھا جس کے نتائج سامنے آئے۔
شناکا نے کہا، ’’پہلی شکست کے بعد ہم نے سنجیدہ بات چیت کی۔ ہم جانتے تھے کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ ہے جس کا ہمیں میدان میں کارکردگی میں بدلنا ہے۔ کھلاڑیوں نے ذمہ داری نبھائی اور سب نے فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔ ہم نے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر یہ ماحول تیار کیا ہے۔
شناکا نے کہا، “میچ میں آنے سے پہلے، ہم جانتے تھے کہ اس وکٹ پر ہماری بولنگ کے لیے 170 رن ایک اچھا اسکور ہوگا۔ جیسا کہ میں نے پہلے ذکر کیا ہے، ہمارے پاس اپنی لائن اپ میں مطلوبہ قسم ہے۔ فائنل میں 170 کا تعاقب ہمیشہ مشکل ہوتا ہے۔ اس کا کچھ ذہنی پہلو بھی ہے۔ میرے خیال میں بھانو (راج پکشے) نے جو آخری چھکا مارا وہ بھی خاص تھا۔
شاناکا کو اب امید ہے کہ ایشیا کپ جیتنے سے وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں اچھی پوزیشن میں ہوں گے، جہاں انہیں سپر 12 تک پہنچنے کے لیے پہلے راؤنڈ کی رکاوٹ کو عبور کرنا ہوگا۔ سری لنکن کپتان اس بارے میں زیادہ فکرمند نہیں ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ اس سے انہیں کنڈیشنز کی تیاری میں مدد ملے گی۔
کپتان شناکا نے کہا، ’’ہم نے گزشتہ سال بھی (ورلڈ کپ) کوالیفائر کھیلے تھے۔ ہمیں جو ٹیم ملی ہے، اس کے ساتھ یہ ایک ایسا سیٹ ہے جو 3-4 سال پہلے سامنے آیا تھا۔ پچھلے دو سال ہمارے لیے حقیقت میں اچھے رہے ہیں۔ مجھے محسوس ہوتا ہے. رفتار ہے، اور ایشیا کپ جیتنا واقعی ورلڈ کپ میں جانے میں ہماری مدد کرے گا۔ کوالیفائر سے بھی مدد ملے گی کیونکہ ہم اہم ٹورنامنٹ ہونے سے پہلے ان حالات میں کھیلیں گے۔ یہ ہمارے لیے واقعی اچھا ہوگا۔