(ایجنسیاں )
سرینگر؍۲۵ نومبر
جموں کشمیر حکومت ممکنہ طور پر سردی کی لہر کے چلتے اور چھوٹے بچوں کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پرائمری کلاسوں تک موسم سرما کی چھٹیوں کی تاریخوں کا اعلان اگلے چند دنوں میں کر سکتا ہے۔
وزیر تعلیم شمیمہ فردوس نے کہا کہ حکومت صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور جلد ہی پرائمری سطح کے طلباء کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری کلاسوں کی چھٹیوں کے بارے میں فیصلہ پرائمری کلاسز کے نوٹیفکیشن کے۱۰ سے۱۵ دن بعد کیا جائے گا۔
وزیر نے کہا کہ موسمی حالات بالخصوص اسکولوں میں جانے والے چھوٹے بچوں پر شدید سردی کے اثرات کے پیش نظر مرحلہ وار تعطیلات کا اعلان کرنے کے فیصلے پر غور کیا جا رہا ہے۔
متوقع اعلان نے والدین میں راحت اور امید پیدا کی ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے جن کے بچے پرائمری کلاسوں میں داخل ہیں، کیوں کہ جموں و کشمیر میں درجہ حرارت میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔
والدین نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ موسم سرما کے موجودہ حالات میں اسکول جانے والے بچوں کی صحت اور بہبود کے تحفظ کے لیے بروقت فیصلے کریں۔ سرکاری تعطیلات کے شیڈول کا انتظار ہے، اور محکمہ تعلیم کی جانب سے باضابطہ حکم جاری ہونے کے بعد مزید تفصیلات متوقع ہیں۔










