(ایجنسیاں )
سرینگر؍۲۵نومبر
جموں و کشمیر میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گرمائی دارالحکومت سرینگر میں رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی۱ء۹ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ حکام نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔
پہلگام وادی کشمیر کا سرد ترین مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۶ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم گزشتہ رات کے منفی۴ء۶ ڈگری کے مقابلے میں درجہ حرارت میں معمولی بہتری درج کی گئی۔
بدھ کی صبح وادی کے کئی علاقوں میں دھند کی چادر چھائی رہی۔
محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق جنوبی کشمیر میں وادی کے داخلی دروازے کے طور پر مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں بھی کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۴ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ کوکرناگ میں رات کا درجہ حرارت۰ء۲ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ماہ رواں کے اختتام تک وادی میں موسم زیادہ تر خشک رہے گا، جبکہ رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔
ایک موسمیاتی ماہر کے مطابق 4 دسمبر کے آس پاس مغربی ڈسٹربنس (مغربی ہواؤں کا سلسلہ) جموں و کشمیر کو متاثر کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد یکے بعد دیگرے مغربی ڈسٹربنس آنے کا امکان ہے، جس کے باعث خطے میں برف باری اور بارش ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب، طویل خشک موسم کے باعث دریائے جہلم اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے، جس سے لوگوں میں طرح طرح کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سردیوں میں گلیشیئر نہ پگھلنے کی وجہ سے آبی ذخائر میں پانی کی سطح ہمیشہ کم ہی رہتی ہے، تاہم اس سال صورتحال کچھ مختلف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے آبی ذخائر میں پانی کی فراوانی کا انحصار گلیشیئروں پر ہے، اور ان کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ پانی کی قلت کا سبب بنتی ہے۔










