احمد آباد، 19 نومبر (یواین آئی) اپنے پہلے سینئر ویمنز ٹی 20 ٹرافی خطاب کی تلاش میں کرناٹک کی ٹیم جمعہ کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم گراؤنڈ بی میں فائنل میں ریکارڈ 11 بار کی چیمپئن ریلوے سے مقابلہ کرے گی۔ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق شام 4:30 بجے شروع ہوگا۔
کرناٹک نے سپر لیگ کے گروپ ایک میں تین میچوں سے آٹھ پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر سرفہرست رہتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔ اس نے بڑودہ کو پانچ وکٹ اور ودربھ کو 85 رن سے شکست دی، جبکہ آخری میچ میں دہلی کے خلاف اسے پانچ وکٹ سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب ریلوے نے سپر لیگ کے گروپ دو کے اپنے تینوں میچ جیت کر 12 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس نے ممبئی کو تین وکٹ، مہاراشٹر کو 10 رن اور آندھرا کو آٹھ وکٹ سے شکست دی۔
کرناٹک کی جانب سے شبھا ستیش نے سات اننگز میں 393 رن بنا کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ورندا دنیش نے 345 اور نکی پرساد نے 328 رن بنائے ہیں۔ گیندبازی میں شریینکا پاٹل نمایاں رہی ہیں، جنہوں نے نو میچوں میں 20 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے دہلی کے خلاف گزشتہ میچ میں 29 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 71 رن بھی بنائے تھے۔
ریلوے کی جانب سے شپرا گری 266 رن کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز ہیں، جبکہ پرتیکا راول نے 237 اور ریا چودھری نے 238 رن بنائے ہیں۔ گیندبازی میں تجربہ کار اسپنر ایکتا بشٹ نے 10 میچوں میں 19 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ ہندوستانی تیز گیندباز اور ٹیم کی کپتان رینوکا سنگھ کے ساتھ تنوجا کنور بھی ریلوے کی ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔
کرناٹک اس سے قبل 2018-19 کے سیزن میں فائنل تک پہنچی تھی، لیکن پنجاب کے خلاف چار رن سے ہار گئی تھی۔ گزشتہ سال مہاراشٹر نے بارش سے متاثرہ فائنل میں مدھیہ پردیش کو 12 رن سے شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔
فائنل کی لائیو اسٹریمنگ جیو ہاٹ اسٹار پر دستیاب ہوگی، جبکہ میچ کا براہ راست ٹیلی کاسٹ اسٹار اسپورٹس سلیکٹ ون پر کیا جائے گا۔








