نئی دہلی، 05 نومبر (یواین آئی) نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے جمعرات کو وزارتِ ریلوے کو باوقار پی ایم سوریہ گھر ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا۔
مسٹر رادھا کرشنن نے یہاں بھارت منڈپم میں منعقدہ قابلِ تجدید توانائی سربراہ اجلاس اور ایکسپو 2026 میں یہ اعزاز پیش کیا۔
مفت بجلی اسکیم کے تحت مرکزی وزارتوں اور محکموں کی جانب سے سب سے زیادہ عمارتوں میں شمسی توانائی کے پلانٹ نصب کرنے کے زمرے میں وزارتِ ریلوے نے پہلا مقام حاصل کیا۔ اس کامیابی نے سرکاری اداروں میں قابلِ تجدید توانائی کو اپنانے کے لیے قومی سطح پر ایک مثال قائم کی ہے۔
وزارتِ ریلوے نے ملک بھر میں شمسی توانائی کے پلانٹ لگانے کے لیے 15,868 ریلوے عمارتوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں سے اب تک 12,495 عمارتوں میں شمسی توانائی کے نظام نصب کیے جا چکے ہیں، جو کل شناخت شدہ عمارتوں کا 79 فیصد ہیں۔ وزارت نے 424 میگاواٹ کے ہدف کے مقابلے میں اب تک 351 میگاواٹ روف ٹاپ شمسی توانائی کی صلاحیت بھی شروع کر دی ہے۔
قومی سطح پر 77 مرکزی وزارتوں اور محکموں کے تحت شناخت کی گئی 39,135 عمارتوں میں سے اب تک 25,984 عمارتوں میں شمسی توانائی کے پلانٹ نصب کیے جا چکے ہیں۔ یہ کل شناخت شدہ عمارتوں کا 66 فیصد ہے۔ اس قومی کامیابی میں وزارتِ ریلوے کا اہم تعاون رہا ہے۔
وزارتِ ریلوے نے مارچ 2027 تک ریلوے کی باقی تمام عمارتوں میں شمسی توانائی کے پلانٹ نصب کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس سے ہندوستان کے صاف، توانائی کے لحاظ سے مؤثر اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے تئیں وزارت کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔










