نئی دہلی، 29 اکتوبر (یواین آئی) دہلی نے سینئر ویمنز ٹی20 ٹرافی میں تاریخ رقم کرتے ہوئے خواتین کی ڈومیسٹک ٹی20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ پونے میں حیدرآباد کے خلاف دہلی نے 6 وکٹ پر 262 رنز بنائے، جو خواتین کی ڈومیسٹک ٹی20 کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ گوا کے نام تھا، جس نے 2019-20 سیزن میں اروناچل پردیش کے خلاف 2 وکٹ پر 257 رنز بنائے تھے۔ دہلی کا 262 رنز کا اسکور خواتین کی ٹی20 کرکٹ میں مجموعی طور پر 11واں سب سے بڑا اسکور بھی ہے، جبکہ اس سے اوپر کے تمام 10 اسکور ٹی20 بین الاقوامی میچوں میں بنے ہیں۔
دہلی کی ریکارڈ ساز اننگز میں اوپنر تنیشا سنگھ نے شاندار کردار ادا کرتے ہوئے صرف 47 گیندوں پر 119 رنز بنائے۔ 23 سالہ تنیشا نے 38 گیندوں میں سنچری مکمل کی، جو خواتین کی ٹی20 کرکٹ میں مشترکہ طور پر تیسری تیز ترین سنچری ہے۔ ان سے تیز سنچری صرف کرن نوگِرے نے 34 اور سوفی ڈیوائن نے 36 گیندوں میں بنائی ہے۔ تنیشا نے 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ڈینڈرا ڈوٹن کی 38 گیندوں کی سنچری کی برابری بھی کی۔
تنیشا کی اننگز میں 25 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اوپنر وانشیکا لیلا کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے تیسرے نمبر پر آنے والی پریا پونیا کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے صرف 66 گیندوں پر 160 رنز کی شراکت کی۔ پونیا نے 28 گیندوں پر 59 رنز بنائے، جبکہ شویتا سہراوت نے 8 گیندوں پر 26 رنز کی تیز اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے شامل تھے۔ تنیشا کو جی ترشا نے بولڈ کیا، تاہم نچلے آرڈر کی کارکردگی سے دہلی نے ریکارڈ اسکور تک رسائی حاصل کی۔
حیدرآباد کی جانب سے وانکا پوجا سب سے کامیاب گیندباز رہیں، جنہوں نے چار اوور میں 32 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں حیدرآباد کی ٹیم 8 وکٹ پر 154 رنز ہی بنا سکی۔ اوپنر جی ترشا نے 52 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن انہیں دیگر بلے بازوں سے خاطر خواہ تعاون نہیں ملا۔ دہلی نے 108 رنز سے بڑی کامیابی حاصل کی۔




