آکلینڈ، 29 اکتوبر (یواین آئی) تقریباً 200 رنز بنانے کے باوجود چھ سے زیادہ اوور باقی رہتے ہوئے شکست کا سامنا کرنا کسی ایک شعبے کی ناکامی نہیں بلکہ پوری حکمت عملی پر نظر ثانی کا تقاضا کرتا ہے۔ نیوزی لینڈ کو جمعہ کو چوتھے ٹی-20 بین الاقوامی میچ میں ہندوستان کا سامنا کرتے ہوئے اس چیلنج کا حل تلاش کرنا ہوگا۔
پانچ میچوں کی سیریز میں ہندوستان پہلے ہی 3-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرچکا ہے، لیکن ٹیم کی کوشش ہوگی کہ کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کرے۔ تیسرے ٹی-20 میں ہندوستان نے 199 رنز کا ہدف محض 13.2 اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے چھ وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس دوران نیوزی لینڈ کے گیندبازوں کو ایک حملے سے سنبھلنے کا موقع ملتا، اس سے پہلے ہی دوسرا حملہ شروع ہوگیا۔
ابھیشیک شرما نے 38 گیندوں پر 113 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر ہدف کے تعاقب کا نقشہ ہی بدل دیا، جبکہ ویبھو سوریہ ونشی نے 19 گیندوں پر 45 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ نیوزی لینڈ کے لیے چیلنج صرف ابھیشیک کو آؤٹ کرنا نہیں بلکہ انہیں میچ پر حاوی ہونے سے روکنا ہے۔ میزبان ٹیم کو ہندوستانی بلے بازوں کو رنز بنانے کے لیے زیادہ محنت پر مجبور کرنے کے لیے نظم و ضبط کے ساتھ گیندبازی اور مختلف انداز اپنانا ہوگا، کیونکہ ایک مہنگا اوور کئی کفایتی اوورز کی محنت پر پانی پھیر سکتا ہے۔
دوسری جانب ہندوستانی گیندبازی کے لیے بھی تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کا تین وکٹ پر 198 رنز بنانا ایک یاد دہانی ہے۔ اگرچہ ہندوستانی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی سے ٹیم کو مشکل سے نکال لیا، لیکن گیندبازی یونٹ کو خاص طور پر آخری اوورز میں مزید بہتری کی ضرورت ہوگی۔ سیریز کا نتیجہ پہلے ہی طے ہوچکا ہے، اس لیے ہندوستان چوتھے میچ میں اپنی پلیئنگ الیون میں کچھ تبدیلیوں کے ذریعے ٹیم کی گہرائی کو بھی آزما سکتا ہے، تاہم جیت کی رفتار برقرار رکھنا اہم ہوگا۔
ایڈن پارک کی چھوٹی باؤنڈری ایک بار پھر جارحانہ کرکٹ کے لیے سازگار ہوسکتی ہے۔ ہندوستان کے لیے ہدف بالکل واضح ہے: ایک اور جیت اور 0-4 کی برتری۔ جبکہ نیوزی لینڈ کے لیے چیلنج کہیں زیادہ بڑا ہے۔ ۔ اس لیے چوتھا ٹی 20 میچ صرف سیریز کے اسکور کارڈ تک محدود نہیں ہے۔ یہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ کیا نیوزی لینڈ آخری میچ سے قبل کوئی حل نکال پاتا ہے اور کیا ہندوستان بڑے اسکور کو بھی اتنی آسانی سے حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھ پاتا ہے۔





