ماسکو، 27 اکتوبر (یواین آئی): عالمی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے روس کے دارالحکومت ماسکو کو 2030ء کی عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کی میزبانی سونپ دی ہے۔ فروری 2022ء میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اولمپک کھیلوں کی کسی عالمی تنظیم نے روس کو عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی دی ہے۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق 2029ء کی عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ ہندوستان کے شہر احمد آباد میں منعقد ہوگی۔ ماسکو میں آخری بار عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 1983ء میں ہوئی تھی۔ 2030ء کی چیمپئن شپ روسی کھلاڑیوں کو 2032ء کے برسبین اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔
روسی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کئی برس بعد اعلیٰ سطح کے عالمی مقابلے کی میزبانی کرے گا۔ فیڈریشن کے صدر الیگزینڈر وینوکوروف نے عالمی تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو کے پاس بڑے مقابلوں کے انعقاد کا تجربہ اور جدید سہولتیں موجود ہیں۔
اس سے قبل 2025ء کی عالمی آبی کھیلوں کی چیمپئن شپ روس کے شہر قازان میں منعقد ہونے کے بجائے سنگاپور منتقل کردی گئی تھی۔ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں پر بعض پابندیوں میں نرمی کی ہے، تاہم روسی پرچم، قومی رنگوں اور ترانے کی اولمپکس میں اجازت کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔
کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ روس میں اپنے مقابلے منعقد نہیں کرے گی اور روسی حکومت کے عہدیداروں کو اپنی تقریبات میں مدعو نہیں کرے گی۔ بعض روسی کھلاڑیوں نے 2024ء کے پیرس اولمپکس اور 2026ء کے وِنٹر اولمپکس میں غیر جانب دار حیثیت سے شرکت کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق یوکرین نے روسی اولمپک کمیٹی کی معطلی ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف کھیلوں کی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی ہے۔ دوسری جانب بین الاقوامی پیرا اولمپک کمیٹی نے روسی کھلاڑیوں پر پابندیاں ختم کرتے ہوئے انہیں قومی پرچم تلے مقابلوں میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔
چین کے شہر ننگبو میں 27 اکتوبر سے شروع ہونے والی عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 8 نومبر تک جاری رہے گی، جس میں یوکرین کے پانچ کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں۔





