سرینگر؍۲۴؍اکتوبر
سینئر آئی اے ایس افسر سجن سنگھ یادو جموں و کشمیر کے نئے چیف سیکریٹری ہوں گے۔ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق‘۱۹۵۵بیچ کے اے جی ایم یو ٹی کیڈر کے افسر یادو، اتل ڈلو کی جگہ لیں گے، جو۳۱ اکتوبر کو ملازمت سے سبکدوش ہورہے ہیں۔
اتل ڈلو، جو۱۹۸۹بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں، نے یکم دسمبر۲۰۲۳کو چیف سیکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا۔ ان کی سبکدوشی کے بعد جموں و کشمیر کے اعلیٰ انتظامی عہدے پر تبدیلی عمل میں آئے گی۔
وزارت داخلہ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے، ’’مجاز اتھارٹی کی منظوری سے ڈاکٹر سجن سنگھ یادو کو دہلی سے جموں و کشمیر منتقل کرکے چیف سیکریٹری تعینات کیا جاتا ہے۔ یہ تقرری یکم نومبر۲۰۲۶سے یا ان کے عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے مؤثر ہوگی، ان دونوں میں سے جو تاریخ بعد میں آئے گی۔‘‘
یادو کی تقرری کے نتیجے میں وہ جموں و کشمیر میں چیف سیکریٹری کے عہدے پر تعیناتی کے لیے کم از کم پانچ سینئر آئی اے ایس افسران پر سبقت لے جائیں گے۔ وہ اس وقت دہلی حکومت میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اپنے انتظامی کیریئر کے دوران سجن سنگھ یادو نے مرکزی حکومت اور مختلف مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کئی اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔ انہیں عوامی انتظامیہ، مالیاتی امور، حکمرانی اور عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی کے شعبوں میں تجربہ حاصل ہے۔
مرکزی حکومت میں وہ وزارت خزانہ میں اسپیشل سیکریٹری اور محکمہ اخراجات میں جوائنٹ سیکریٹری کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
سنگھ نے وزارت خواتین و اطفال کی ترقی کے تحت پوشن ابھیان میں جوائنٹ سیکریٹری اور مشن ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ ان کی دیگر اہم ذمہ داریوں میں دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو کے منتظم کے مشیر، کمشنر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (وی اے ٹی)، دہلی جل بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر، دہلی حکومت میں کمشنر خوراک و رسد اور مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کے عہدے شامل ہیں۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیمی قابلیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے لندن اسکول آف ہائیجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن سے ڈاکٹر آف پبلک ہیلتھ، یونیورسٹی آف مینیسوٹا کے ہمفری انسٹی ٹیوٹ آف پبلک افیئرز سے ماسٹر آف پبلک افیئرز اور دہلی یونیورسٹی کے فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔
اس کے علاوہ وہ ہریانہ زرعی یونیورسٹی، حصار سے ویٹرنری سائنسز اینڈ اینیمل ہسبنڈری میں بیچلر ڈگری بھی رکھتے ہیں۔
حکمرانی اور عوامی خدمات کے شعبے میں ان کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا ہے۔ انہیں شہریوں پر مرکوز خدمات کی فراہمی میں نمایاں کارکردگی پر۲۰۱۷۔۱۸ کا قومی ای گورننس ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ مردم شماری کے کام میں نمایاں خدمات انجام دینے پر صدر جمہوریہ ہند کا تمغہ بھی حاصل کرچکے ہیں۔
انتظامی ذمہ داریوں کے علاوہ یادو مصنف اور عوامی پالیسی کے مبصر بھی ہیں۔ ان کی کتاب ’’اسکیلنگ ماؤنٹ یو پی ایس سی: انسپائرنگ اسٹوریز آف ینگ آئی اے ایس آفیسرز‘‘ انگریزی میں پینگوئن نے شائع کی، جبکہ اس کے ہندی اور مراٹھی ایڈیشن منجول پبلی کیشنز نے شائع کیے ہیں۔
ان کی ایک اور کتاب ’’انڈیا ز ویکسین گروتھ اسٹوری:فرام کاؤ پاکس ٹو ویکسین میتری‘‘ ہے، جس کا۱۵ہندوستانی زبانوں میں ترجمہ کیا جاچکا ہے۔
سجن سنگھ یادو نے قومی و بین الاقوامی تحقیقی جرائد اور معروف اخبارات میں بھی مضامین تحریر کیے ہیں۔
دوسری جانب اتل ڈلو نے یکم دسمبر۲۰۲۳ کو چیف سیکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا۔ تاہم، گزشتہ ماہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے پر اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی مخالفت کرتے ہوئے اسمبلی اسپیکر اے آر راتھر کو خط لکھنے کے بعد وہ تنازعے میں آگئے تھے۔
اس اقدام پر اسمبلی میں شدید ہنگامہ ہوا تھا۔ یہاں تک کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن اسمبلی وحید پرہ نے بھی اتل ڈلو کے خلاف تحریکِ استحقاق پیش کرنے کا نوٹس دیا تھا۔
اس تنازعے سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ جموں و کشمیر سے تعلق، سابق ریاست میں طویل عرصے تک خدمات انجام دینے، کشمیری پنڈت پس منظر اور مقامی بی جے پی رہنما کے ساتھ قریبی روابط کے باعث اتل ڈلو کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی جاسکتی ہے۔
آئی اے ایس میں شمولیت کے بعد اتل ڈلو کی پہلی تعیناتی۱۹۹۱ میں لداخ میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کی حیثیت سے ہوئی۔ اس کے بعد۱۹۹۲۔۱۹۹۳ میں انہوں نے ریاسی میں ایس ڈی ایم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس وقت ریاسی ضلع ادھم پور کا حصہ تھا۔
۱۹۹۳ میں انہیں محکمہ صحت میں ڈپٹی سیکریٹری مقرر کیا گیا، جبکہ۱۹۹۳سے۱۹۹۵کے دوران وہ راج بھون میں تعینات رہے۔بعد ازاں انہوں نے جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں۔
۱۹۹۸ سے۲۰۰۹کے دوران اتل ڈلو نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ادارہ جاتی مالی اعانت، سرکاری و نجی شعبوں کی شراکت داری میں مذاکراتی حکمتِ عملی اور برقی طرزِ حکمرانی سے متعلق متعدد تربیتی پروگراموں میں شرکت کی۔
بعد میں انہوں نے جموں و کشمیر کے مختلف محکموں میں مالیاتی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان محکموں میں صحت و خاندانی بہبود، طبی تعلیم، مالیات، باغبانی، زراعت اور امدادِ باہمی شامل ہیں۔
جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری مقرر ہونے سے قبل اتل ڈلو مرکزی وزارت داخلہ میں سیکریٹری، سرحدی انتظام کے عہدے پر فائز تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
(ویب ڈیسک)










