سرینگر؍۲۰؍اکتوبر
جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے امتحان کے انعقاد کے پیش نظر بدھ،۲۱؍اکتوبر کو سرینگر کے مختلف کالجوں میں تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
ضلع مجسٹریٹ سرینگر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق، جے کے ایس ایس بی۲۱؍اکتوبر کو محکمہ صحت و طبی تعلیم میں اٹینڈنٹ جنرل کیڈر گریڈ دوم اور حجام گریڈ سوم کی آسامیوں کے لیے او ایم آر پر مبنی تحریری امتحان منعقد کرے گا۔ امتحان سہ پہر۳ بجے سے شام۵ بجے تک جاری رہے گا۔
یہ امتحان اے اے اے میموریل ڈگری کالج بمنہ، ایس پی کالج ایم اے روڈ، گورنمنٹ کالج فار ویمن ایم اے روڈ، گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن (آئی اے ایس ای) ایم اے روڈ، جے کے بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے قریب واقع گورنمنٹ پولی ٹیکنک فار ویمن بمنہ اور کشمیر گورنمنٹ پولی ٹیکنک گوگجی باغ سرینگر میں منعقد کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ نے متعلقہ اداروں میں تدریسی سرگرمیاں معطل رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ امتحان کے دوران صرف امتحانی ڈیوٹی کے لیے نامزد عملے کو ہی ان اداروں میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










