سرینگر؍۲۰؍اکتوبر
محکمہ موسمیات سرینگر نے پیش گوئی کی ہے کہ جموں و کشمیر میں۲۳؍اکتوبر کی سہ پہر تک موسم عموماً خشک رہے گا۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ۲۰ سے۲۳؍ اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
عہدیدار نے کہا کہ۲۴؍اکتوبر کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور بیشتر مقامات پر ہلکی بارش جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔۲۳؍ اکتوبر کی رات دیر گئے سے۲۴؍اکتوبر کی صبح تک بعض مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق۲۵؍سے۳۱؍ اکتوبر تک موسم ایک بار پھر عمومی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فصلوں کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
(ایجنسیاں ) ۔۔۔۔۔۔










