سرینگر؍۱۹؍اکتوبر
سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کے اوقات سے متعلق عائد پابندیاں پیر کے روز ختم کر دی گئیں۔
حکام نے بتایا کہ اب ہوائی اڈے پر صبح۸ بجے سے شام۵ بجے تک پروازوں کی آمد و رفت محدود رکھنے کی پابندی نافذ نہیں رہے گی۔
سرینگر ہوائی اڈے کے حکام نے ایک بیان میں کہا کہ مسافروں اور متعلقہ اداروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ہوائی اڈے کے عملی اوقات سے متعلق پہلے عائد پابندی واپس لے لی گئی ہے، جس کے تحت پروازوں کی آمد و رفت صبح۸ بجے سے شام۵ بجے تک محدود تھی۔
حکام کے مطابق شام۵ بجے کے بعد ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت پر عائد پابندی بھی اب ختم ہو گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سرمائی نظام الاوقات۲۰۲۶ کا نفاذ۲۵؍اکتوبر سے ہوگا۔ فضائی کمپنیاں سرینگر سے آنے اور جانے والی دیر شام کی پروازوں کے لیے سلاٹ مختص کرانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ اس سے موسم سرما کے دوران فضائی رابطوں میں بہتری آنے اور مسافروں کو سفر کے لیے زیادہ سہولت میسر ہونے کی توقع ہے۔
حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ فضائی کمپنیوں سے پروازوں کی تازہ ترین صورت حال اور اوقات کی تصدیق کر لیں۔
واضح رہے کہ رن وے پر کام انجام دینے کے لیے رواں سال اپریل سے سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت صبح۸ بجے سے شام۵بجے تک محدود کر دی گئی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










