سرینگر؍۱۹؍اکتوبر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وجے دشمی، دسہرہ اور مہا نوامی کے مقدس مواقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے پیغام میں وجے دشمی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار کل‘۲۰؍ اکتوبر کو منایا جائے گا۔
سنہا نے کہا کہ وجے دشمی، جسے ملک کے مختلف حصوں میں دسہرہ اور درگا پوجا کے طور پر منایا جاتا ہے، نیکی کی بدی پر، سچائی کی جھوٹ پر اور دھرم کی ادھرم پر فتح کی علامت ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ مریادا پرشوتم بھگوان شری رام کی زندگی ان لازوال اقدار کی مثال پیش کرتی ہے اور لوگوں کو نیک زندگی گزارنے کی ترغیب دیتی ہے۔
ایل جی نے امید ظاہر کی کہ وجے دشمی، دسہرہ اور درگا پوجا کے یہ مقدس تہوار سبھی کے لیے امن، خوشی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئیں گے۔
ادھر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی مہا نوامی اور دسہرہ کے مواقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔
اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تہوار سچائی، راست بازی اور نیکی کی بدی پر فتح جیسی لازوال اقدار کی عکاسی کرتے ہیں۔
عمرعبداللہ نے امید ظاہر کی کہ ان مقدس مواقع سے عوام کی زندگیوں میں امن، خوشحالی اور خوشیاں آئیں گی اور جموں و کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ وہ ان تہواروں کے پیغام سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے باہمی احترام، اتحاد اور پُرامن بقائے باہمی کے عزم کی تجدید کریں۔
۔۔۔۔۔۔(ڈی آئی پی آر)










