شنئی دہلی، 17 اکتوبر (یواین آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کو افسران کو ہدایت دی کہ تہواروں کے موسم میں راجدھانی کے تمام علاقوں میں صفائی، مناسب روشنی اور عوامی مقامات کی بہتر دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے غیر مجاز پوسٹروں اور بینروں کو فوری طور پر ہٹانے اور ذمہ دار افراد کے خلاف دہلی پریوینشن آف ڈیفیسمنٹ آف پراپرٹی ایکٹ، 2007 کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے دہلی سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیوالی سے قبل صفائی مہم تیز کرنے، سڑکوں اور عوامی مقامات سے کچرا اور تعمیراتی ملبہ ہٹانے اور باقاعدگی سے موقع پر معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، چوراہوں، فلائی اوورز، بازاروں، رہائشی علاقوں، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات کی باقاعدہ صفائی کے ساتھ روزانہ صفائی مہم چلائی جائے اور سڑکوں پر گرد و غبار کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔
محترمہ گپتا نے کہا کہ لوگوں کو اپنے گھروں اور بازاروں سے لے کر سڑکوں، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات تک ہر جگہ صفائی اور بہتر سہولیات ملنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سینئر افسران کو اپنے علاقوں کا خود معائنہ کرنے اور خامیوں کی صورت میں فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ صرف ہدایات جاری کرنا کافی نہیں بلکہ ان پر زمینی سطح پر عمل درآمد کی نگرانی بھی ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عملے کی کمی صفائی اور خوبصورتی کی مہم میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے اور حکومت ضروری افرادی قوت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ تاہم، تمام محکموں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کام میں تیزی لانی ہوگی۔
غیر مجاز پوسٹروں اور بینروں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے سڑکوں، چوراہوں، فلائی اوورز، ستونوں، سرکاری عمارتوں اور بازاروں سے انہیں ہٹانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی، جہاں ضروری ہو وہاں ایف آئی آر درج کرنے کی بھی ہدایت دی۔
محترمہ گپتا نے تمام سرکاری دفاتر، اسپتالوں اور اسکولوں کو دیوالی سے قبل خصوصی صفائی مہم چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمروں، اسٹور رومز اور دیگر مقامات پر جمع کچرے، ملبے اور غیر ضروری سامان کو ہٹایا جائے۔ پرانے سرکاری ریکارڈ کو مقررہ ضابطوں کے مطابق تلف کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس مہم کو محض رسمی کارروائی نہ سمجھا جائے اور مقررہ مدت میں کام مکمل کیا جائے۔ دیوالی کے بعد معائنے میں کچرا، بدنظمی یا صفائی میں لاپروائی پائے جانے پر افسران کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے پارکوں اور عوامی بیت الخلا کی دیکھ بھال بہتر بنانے اور نشان زدہ تاریک مقامات پر مناسب روشنی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے شہری اداروں کو باہمی تال میل کے ساتھ خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ کوئی بھی محکمہ کسی دوسرے ادارے کے دائرہ اختیار کا حوالہ دے کر عوامی سہولیات سے متعلق اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتا۔







