جموں؍۱۶؍اکتوبر
جموں و کشمیر میں معدنیات کے غیر قانونی اخراج، مقررہ سرکاری نرخوں سے زیادہ وصولی اور ای چالان میں مبینہ ہیرا پھیری کے معاملے میں اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے جمعہ کو کان کنی کے دو افسران اور بعض نجی افراد کی رہائش گاہوں پر تلاشی لی۔
حکام کے مطابق، اے سی بی نے اودھم پور میں اس معاملے کے سلسلے میں اسسٹنٹ مائننگ انجینئر راجیو جموں، ریاسی کے ڈسٹرکٹ مائننگ آفیسر رامیشور سانگرا، سوارن سنگھ راٹھور اور دیگر نجی افراد کے خلاف انسدادِ بدعنوانی قانون کی متعلقہ دفعات اور دیگر قابلِ اطلاق قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
الزامات میں مقررہ حد اور لیز کی مدت سے تجاوز کرتے ہوئے معدنیات کا غیر قانونی اخراج، حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں سے زیادہ قیمتیں وصول کرنا، ای چالان کا غلط استعمال اور قانونی اجازت نامے (کنسنٹ ٹو آپریٹ) کے بغیر اسٹون کرشر چلانا شامل ہیں۔(ایجنسیاں)










