اسٹار لنک کے بعد اب ایک اور امریکی کمپنی ایمیزون نے بھی ہندستان میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن سروس شروع کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔
مرکزی وزیر مواصلات جیوترادتیا سندھیا نے یہاں ‘یشو بھومی میں جاری ‘انڈیا موبائل کانگریس میں جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ریلائنس جیو، بھارتی انٹرپرائزز کے ون ویب اور امریکی کاروباری ایلن مسک کے اسٹار لنک کو لائسنس جاری کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا، "ایک اور پارٹی (کمپنی) ہے جو لائسنس لینے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ اب اس پارٹی کو اس عمل کو پورا کرنا ہوگا۔ وہ ‘ایمیزون کوپر ہے۔”
قابلِ ذکر ہے کہ ایمیزون نے ‘ایمیزون کوپر کے نام سے اپنی سیٹلائٹ کمیونیکیشن سروس شروع کی ہے جسے عام طور پر ایمیزون لیو کے نام سے جانا جاتا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہندستان کسی بھی شعبے میں اجارہ داری کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ اور اس لیے سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے معاملے میں بھی کسی ایک لائسنس ہولڈر کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے۔ وزیر نے کہا، "ایک بار ریونیو چارجز کا نظام فائنل ہو جائے اور یہ تینوں پارٹیاں سکیورٹی سے متعلق خدشات اور ضروری شرائط کی بنیاد پر اپنے مراحل یا حصولیابیوں کے مطابق تمام ضروریات کو پورا کر لیں، تو ظاہر ہے، وہ اپنا آپریشن شروع کر سکتی ہیں۔”
مسٹرسندھیا نے کہا کہ حکومت کی سوچ بہت مثبت ہے۔ وہ ‘وکست بھارت 2047’ بنانا چاہتی ہے۔ سب سے پہلے، سیٹلائٹ کمیونیکیشن کو دیہی کنیکٹیویٹی سروس کے طور پر رکھا گیا ہے جو آخری سرے تک پہنچے گا۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ سیٹلائٹ کمیونیکیشن کی قیمت حکومت طے کرے گی۔
اس سے قبل اپنے خطاب میں وزیر مواصلات نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں ملک میں مواصلاتی نیٹ ورک کی توسیع پر توجہ دی گئی۔ اب اگلے 10 سال کھپت پر مرکوز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ‘میڈ ان انڈیا’ سے آگے بڑھ کر ‘ڈیزائن – ڈیولپڈ میڈ ان انڈیا’ کی طرف بڑھنا ہے۔








