سرینگر؍۸؍اکتوبر
نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو (این سی آر بی) کے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں۲۰۲۴کے دوران بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ کے قانون (پوکسو) کے تحت مجموعی طور پر۳۰۸ مقدمات درج کیے گئے، جن میں تقریباً تین چوتھائی مقدمات دخول پر مبنی جنسی حملے کے الزامات سے متعلق تھے۔
مجموعی مقدمات میں سے۲۲۸ مقدمات پوکسو ایکٹ کی دفعات۴؍ اور۶ کے تحت درج کیے گئے، جو دخول پر مبنی جنسی حملے اور سنگین دخول پر مبنی جنسی حملے سے متعلق ہیں۔
مزید۶۵ مقدمات دفعات۸؍اور۱۰کے تحت درج ہوئے، جن کا تعلق جنسی حملے اور سنگین جنسی حملے سے ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق۷ مقدمات دفعہ۱۲ کے تحت درج کیے گئے، جو بچوں کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے سے متعلق ہے، جبکہ۵ مقدمات دفعات۱۴؍ اور۱۵کے تحت درج ہوئے، جن کا تعلق بچوں کو فحش مواد تیار کرنے یا اس مقصد کے لیے استعمال کرنے سے ہے۔
اس کے علاوہ۳ مقدمات پوکسو ایکٹ کی دفعات۱۷ سے۲۲ کے تحت درج کیے گئے، جن میں جرم پر اکسانے اور اس سے متعلق دیگر دفعات شامل ہیں۔
مجموعی طور پر جموں و کشمیر میں۲۰۲۴ کے دوران بچوں کے خلاف جرائم کے۸۸۷ مقدمات درج کیے گئے، جن میں پوکسو ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی تعداد۳۰۸ رہی۔
۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










