کولکاتا، 5 اکتوبر (یو این آئی) برازیل کے ہاتھوں 0-4 کی شکست سے ابھرنے کے لیے ہندوستان کے پاس بہت کم وقت ہے اور اب اسے منگل کو یہاں فیفا کے بین الاقوامی دوستانہ میچ میں 2 مرتبہ کی عالمی چیمپئن یوراگوئے جیسی مضبوط ٹیم کا سامنا کرنا ہے۔
پاناما کے خلاف 1-1 سے ڈرا میچ نے خالد جمیل کی ٹیم سے بہتر کارکردگی کی امیدیں پیدا کی تھیں، لیکن ہفتہ کو سالٹ لیک اسٹیڈیم میں برازیل نے ہندوستان اور دنیا کی ٹاپ ٹیموں کے درمیان مہارت کا فرق واضح کردیا۔ اب ہندوستان کو اس شکست کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں 20ویں نمبر کی ٹیم یوراگوئے کے خلاف مقابلہ کرنے کا طریقہ تلاش کرنا ہوگا۔ بڑی شکست کے باوجود جمیل کو اپنی ٹیم کی کارکردگی میں کچھ مثبت پہلو نظر آئے، خاص طور پر پاسنگ، دفاعی تال میل اور ابتدائی 25 منٹ میں جوابی حملے کی کوششیں۔ برازیل کے کوچ کارلو اینسیلوٹی نے بھی ان شعبوں میں ہندوستان کی کوششوں کو تسلیم کیا۔
ہندوستان کو ان لمحات کو آگے بڑھانا ہوگا، خاص طور پر ایسی ٹیم کے خلاف جس کے پاس بہت زیادہ بین الاقوامی تجربہ ہے۔ دنیا میں 138ویں نمبر کی ٹیم کے لیے یوراگوئے کے خلاف گول کرنا یا میچ ڈرا کرانا بھی ایک بڑی کامیابی ہوگی۔
میزبان ٹیم اپنے حملے کی کمان ریان ولیمز کو سونپے گی، جنہوں نے پاناما کے خلاف گول کیا تھا۔ دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دینے اور گیند کو آگے لے جانے کی ان کی صلاحیت انہیں ٹیم کے لیے گول کرنے کی کوشش میں ایک اہم کھلاڑی بناتی ہے۔ منویر سنگھ کی تیز دوڑ اور سہل عبدالصمد کی ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ تال میل قائم کرنے کی صلاحیت بھی اہم ثابت ہوسکتی ہے، کیونکہ ہندوستان مزید مواقع پیدا کرنے کی کوشش کرے گا۔ ان کی باہمی کھیل نے ہفتہ کے میچ کے آغاز میں ہندوستان کو برازیل پر کچھ دباؤ بنانے میں مدد دی، جبکہ لالینگماویا رالٹے اور انور علی نے حریف ٹیم کے دباؤ سے نکلنے کی کوششوں میں تعاون کیا۔
ہندوستان کی دفاعی صف نے بھی برازیل کے لیے کچھ مشکلات پیدا کیں، جس میں آف سائیڈ ٹریپ نے کئی مرتبہ پیڈرو کو پھنسایا۔ ابھیشیک سنگھ ٹیکچم اور انیرودھ تھاپا نے ونیسیئس جونیئر کے خلاف کور فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کی، جبکہ گول کیپر گرپریت سنگھ سندھو نے ریئل میڈرڈ کے فارورڈ کے خلاف آمنے سامنے کی صورت حال میں ایک اہم دفاع کیا۔ تاہم ہندوستان اپنی اچھی کارکردگی کو واضح مواقع میں تبدیل نہیں کر سکا۔ یوراگوئے کے خلاف اسے اپنی فنشنگ اور حریف گول کیپر کو آزمانے کی صلاحیت میں بہتری لانی ہوگی۔ دفاع کو بھی آگے بڑھتے یا پیچھے ہٹتے وقت بہتر تال میل قائم کرنا ہوگا، جبکہ مڈفیلڈ کو فل بیک اور سینٹر بیک کے درمیان کی جگہ کم کرنا ہوگی۔ جب یوراگوئے کھیل کا رخ بدلے گا تو ہندوستان کو تیزی سے ردعمل دینا ہوگا اور یہ یقینی بنانا ہوگا کہ آگے بڑھتے وقت ولیمز اور منویر کو مناسب تعاون ملے۔






