جموں؍ ۶ اکتوبر
مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے منگل کو جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں ایک فائر مین کو مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ افسر کے مطابق ملزم کٹرا میں ایک ہوٹل کی تعمیر کے لیے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز سے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرانے کے عوض رشوت طلب کر رہا تھا۔
سی بی آئی کے ترجمان نے بتایا کہ ادھم پور میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے دفتر میں تعینات نتیش سنگھ جموال کو شکایت کنندہ سے۱۵ ہزار روپے رشوت طلب کرتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ شکایت کی بنیاد پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ملزم فائر مین نے ابتدا میں کٹرا میں واقع شکایت کنندہ کے ہوٹل کے لیے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کا این او سی جاری کرانے اور اس سے متعلق کارروائی مکمل کرنے کے عوض۴۰ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔
سی بی آئی کے مطابق بعد میں گفت و شنید کے بعد ملزم۱۵ ہزار روپے لینے پر رضامند ہو گیا، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










