مینڈھر/۵؍اکتوبر
جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب فوج نے دو بارودی سرنگوں کا سراغ لگا کر انہیں محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔ حکام نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔
حکام کے مطابق فوجی اہلکاروں نے صبح تقریباً۹ بج کر۵۰ منٹ پر باسونی ٹاپ کے مقام پر سرحدی باڑ کے قریب گشت کے دوران دونوں بارودی سرنگوں کو دیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ بارودی سرنگوں کا سراغ ملتے ہی علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دونوں بارودی سرنگوں کو قابو میں کیے گئے دھماکے کے ذریعے تلف کردیا۔ اس کارروائی کے دوران کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق دراندازی مخالف حفاظتی نظام کے ایک حصے کے طور پر ایل او سی کے اگلے علاقوں میں بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں نصب ہیں۔ بعض اوقات بارشوں کے دوران یہ بارودی سرنگیں اپنی جگہ سے بہہ کر دوسری جگہ پہنچ جاتی ہیں، جہاں بعد میں ماہرین ان کا سراغ لگا کر انہیں ناکارہ بناتے یا تلف کرتے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
۔۔۔۔۔(ایجنسیاں)










