نئی دہلی، 3 اکتوبر (یو این آئی) یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب نے جنتر منتر پر مجوزہ پرامن احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کے خلاف دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
مسٹر چب نے دہلی پولیس کے یکم اکتوبر کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے، جس میں احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا تھا۔ عرضی یوتھ کانگریس کے لیگل ڈیپارٹمنٹ کے قومی چیئرمین ایڈووکیٹ روپیش سنگھ بھدوریا نے دائر کی ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ پرامن اجتماع کو باقاعدہ بنانے کی پولیس کی طاقت کو پابندی لگانے کی طاقت میں نہیں بدلا جا سکتا، جب تک حالات کا انفرادی اور تناسب کے لحاظ سے اندازہ نہ لگایا جائے۔
یوتھ کانگریس نے گزشتہ 25 ستمبر کو 100-150 لوگوں کے احتجاج کے لیے درخواست دی تھی اور سکیورٹی، ٹریفک اور عوامی نظم و ضبط سے متعلق شرائط کی پابندی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ عرضی میں آئین کی دفعہ 14، 19(1)(اے) اور 19(1)(بی) کا حوالہ دیا گیا ہے۔







