نئی دہلی، 2 اکتوبر (یو این آئی) بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیرِ اعظم بھارت رتن لال بہادر شاستری کے یومِ پیدائش نیز دہلی پردیش کانگریس کی سابق صدر تاجدار بابر کی برسی کے موقع پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی نے خراجِ عقیدت کا پروگرام منعقد کیا۔
ریاستی کانگریس صدر دیویندر یادو سمیت سینئر رہنماؤں اور کارکنوں نے عظیم شخصیات کی تصاویر پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مسٹریادو نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے سچائی، عدم تشدد، ایثار اور ستیہ گرہ کے ذریعے ملک کی آزادی میں تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کے افکار آج بھی سماجی ہم آہنگی، جمہوری اقدار اور قومی یکجہتی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لال بہادر شاستری نے سادگی، ایمانداری اور قوم کی خدمت کی بہترین مثال قائم کی۔ ان کا نعرہ ‘جے جوان، جے کسان’ آج بھی کسانوں اور جوانوں کی قربانیوں کا مظہر ہے۔
مسٹر یادو نے تاجدار بابر کو ایک مخلص کانگریسی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خواتین کی شمولیت کو بڑھانے اور کمزور و پس ماندہ طبقات کی آواز بلند کرنے کے لیے کام کیا۔ پروگرام میں پروفیسر کرن والیا، فرہاد سوری، عبدالرحمٰن سمیت کئی سینئر رہنما اور کارکنان موجود تھے۔





