نئی دہلی، 26 ستمبر (یو این آئی) دہلی کے وزیرِ صنعت منجندر سنگھ سرسا نے ہفتے کے روز کہا کہ ان کی حکومت نئی صنعتی پالیسی، نئی اسٹارٹ اپ پالیسی، نئی برآمداتی فروغ پالیسی اور دہلی ایز آف ڈوئنگ بزنس بل-2026 پر کام کر رہی ہے۔
مسٹر سرسا نے آج یہاں ‘ادیم سمواد 2026’ کے افتتاح کے بعد کہا کہ حکومت ایسا ایکو سسٹم تیار کرنا چاہتی ہے، جس میں صنعت کار کو اپنے کاروبار کی سمت طے کرنے پر توجہ دینی ہو اور حکومت لائسنس نیز رجسٹریشن سے لے کر مارکیٹ، خریداروں اور آن لائن پلیٹ فارم تک رسائی بنانے میں تعاون کرے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی حکومت نئی صنعتی پالیسی، نئی اسٹارٹ اپ پالیسی، نئی برآمداتی فروغ پالیسی اور دہلی ایز آف ڈوئنگ بزنس بل-2026 پر کام کر رہی ہے۔ بین الاقوامی منڈیوں میں دہلی کے تاجروں کی رسائی بڑھانے کے لیے ایکسپورٹ پروموشن سیل بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ صنعت نے کہا کہ دہلی حکومت خاتون صنعت کاروں، خاص طور پر گھر سے کاروبار چلانے والی خواتین کے لیے ایک وقف امدادی نظام تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔ ایسی خواتین میں کاروبار اور خدمات کے شعبے میں آگے بڑھنے کی بڑی صلاحیت ہے۔ حکومت کی جانب سے مخصوص امدادی ٹیم رجسٹریشن اور دیگر ضروریات میں ان کا تعاون کرے گی، تاکہ وہ باقاعدہ تجارتی نظام سے آسانی سے جڑ سکیں۔
انہوں نے صنعتی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے منصوبوں کی بھی معلومات دی۔ غیر مجاز صنعتی علاقوں میں سڑکوں کی مرمت کے لیے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ صنعتی علاقوں میں نمائش کے مراکز اور بزنس فسیلیٹیشن اسپیس تیار کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے صنعت کاروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش کرنے، ممکنہ گاہکوں سے جڑنے اور نئے تجارتی مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
مسٹر سرسا نے کہا کہ حکومت کا کردار صرف اسکیمیں فراہم کرنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ صنعت کاروں کو نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے میں بھی تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے صنعت کاروں کو ان ممالک میں اپنی مصنوعات فروخت کرنے میں مدد دی جائے گی، جن کے ساتھ ہندوستان کے آزادانہ تجارتی معاہدے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘کم سے کم حکومت، ’زیادہ سے زیادہ گورننس’ کے ویژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت طریقہ کار کے چیلنجوں کو کم کرنے اور صنعت کاروں کو موثر رہنمائی اور تعاون فراہم کرنے کی سمت میں کام کر رہی ہے






