نئی دہلی، 24 مارچ (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں ایک بس میں آتش زدگی کےنتیجہ میں جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور متوفین کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے نیز زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
مسٹر مودی نے متوفین کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نے پی ایم نیشنل ریلیف فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے ہر متوفی کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
پوسٹ میں لکھا ہے، "اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں بس میں لگی آگ کی وجہ سے ہوئے سانحے کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا۔ اپنے پیاروں کو کھونے والے تمام لوگوں سے میری گہری تعزیت ہے۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ متوفین کے لواحقین کو پی ایم این آر ایف سے 2 لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔ زخمیوں کو 50,000 روپے دیے جائیں گے۔”
اتر پردیش میں گریٹر نوئیڈا کے جیور تھانہ علاقے میں یمنا ایکسپریس وے پر بدھ کی دیر رات ایک چلتی بس میں اچانک ہولناک آگ لگنے سے بڑا حادثہ ہو گیا۔ کشمیری گیٹ، نئی دہلی سے مہوبہ جا رہی ایک بس میں 33 کلومیٹر مائل اسٹون کے پاس آگ لگی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے میں بس کے اندر موجود نو مسافروں کی جلنے اور دم گھٹنے سے موت ہو گئی، جبکہ بچاؤ ٹیم نے 20 سے زیادہ مسافروں کو محفوظ باہر نکال لیا۔






