آئیچی ناگویا، 24 ستمبر (یواین آئی) ہندوستان کی پروین ہڈا ایشین گیمز کے خواتین کے 65 کلوگرام باکسنگ مقابلے کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ انہیں جمعرات کو تاجکستان کی مالیکا نوزمووا کے خلاف واک اوور ملا، جس کی وجہ سے انہیں ایک بھی پنچ نہیں مارنا پڑا۔ وہیں ساکشی چودھری کا سفر راؤنڈ آف 16 میں ختم ہوگیا، جبکہ مردوں کے زمرے میں سمیت کندو گھٹنے کی چوٹ کے باعث مقابلے سے باہر ہوگئے۔
خواتین کے 51 کلوگرام راؤنڈ آف 16 میں ساکشی کو موجودہ عالمی چیمپئن قازقستان کی آلوا بالکی بیکووا کے ہاتھوں 3-2 سے شکست ہوئی۔ ساکشی نے اس سے قبل اولمپک کانسی کا تمغہ جیتنے والی فلپائن کی آئرا ویلیگاس کے خلاف 5-0 کی یکطرفہ کامیابی کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔
اس سے قبل مردوں کے 70 کلوگرام راؤنڈ آف 16 مقابلے میں سمیت کندو کو عراق کے علی قاسم حمدان کے خلاف مقابلے کے دوران گھٹنے میں چوٹ لگنے کے باعث مقابلہ چھوڑنا پڑا۔ سمیت نے شاندار آغاز کیا تھا اور مقابلے میں برتری حاصل کرلی تھی، لیکن گھٹنے کی چوٹ کے باعث ہندوستانی باکسر کے مزید کھیلنے سے قاصر ہونے پر ریفری نے مقابلہ روک دیا۔





