نئی دہلی، 8 ستمبر (یو این آئی) 52 سال میں ورلڈ کپ میں اپنی بہترین پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم 20ویں ایشین گیمز کے لیے جاپان پہنچ گئی ہے، جہاں طلائی تمغہ جیتنے کی صورت میں ٹیم لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی بھی کرلے گی۔ کپتان سلیمہ ٹیٹے اور ساتھی کھلاڑی منگل کو بنگلورو سے آئچی-ناگویا کے لیے روانہ ہوئے۔
ایف آئی ایچ کے اولمپک کوالیفکیشن قوانین کے مطابق ایشین گیمز میں خواتین ہاکی کا سب سے بہتر مقام حاصل کرنے والی اہل ٹیم اولمپک کوٹہ حاصل کرے گی، بشرطیکہ وہ کسی دوسرے راستے سے پہلے ہی کوالیفائی نہ کرچکی ہو۔ اس لیے ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ لاس اینجلس کا براہ راست ٹکٹ حاصل کرنے کا راستہ بھی کھول دے گا۔
ہندوستان نے رواں سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہاکی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد ٹیم نے آکلینڈ میں نیشنز کپ کا خطاب حاصل کیا اور اس کے بعد ورلڈ کپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی، جو 1974 کے پہلے عالمی کپ کے بعد اس کا بہترین نتیجہ ہے۔ ورلڈ کپ میں ہندوستان نے صرف ایک میچ ہارا اور چین، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ڈرا کھیلا، جبکہ جرمنی کو 3-1 سے شکست دی۔
ایشین گیمز میں ہندوستان کو پول بی میں جاپان، تھائی لینڈ، سنگاپور، انڈونیشیا اور ازبکستان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ٹیم 20 ستمبر کو ازبکستان کے خلاف مہم شروع کرے گی، اس کے بعد 21 ستمبر کو انڈونیشیا، 23 ستمبر کو تھائی لینڈ، 25 ستمبر کو جاپان اور 27 ستمبر کو سنگاپور سے مقابلہ ہوگا۔ ناک آؤٹ مرحلہ 30 ستمبر سے شروع ہوگا، جبکہ فائنل 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
سلیمہ ٹیٹے نے کہا کہ ٹیم اعتماد کے ساتھ ایشین گیمز میں اترے گی اور اس کا واضح ہدف طلائی تمغہ جیت کر لاس اینجلس اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنا ہے۔





