وینکوور، 10 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان کے سابق تیز گیندباز ظہیر خان کینیڈا سپر 60 کی مردوں اور خواتین کی فرنچائز وینکوور اینکرز کے ملکیتی گروپ میں شامل ہوگئے ہیں۔ وہ ناگیندر ’’ناگا‘‘ سدھوتّم اور اسٹاک ہوم میں قائم اینکر اسپورٹس اے بی کے ساتھ شریک مالک کی حیثیت سے کام کریں گے۔
ظہیر خان کی شمولیت سے ان کی طویل عرصے سے دوستی اور ہندوستانی ٹیم کے ساتھی یوراج سنگھ کے ساتھ بھی دوبارہ شراکت ہوئی ہے، جو کینیڈا سپر 60 کے شریک مالک ہیں۔ دونوں نے ہندوستان کے لیے کئی یادگار کامیابیاں حاصل کیں، جن میں 2011 کا ورلڈ کپ خطاب بھی شامل ہے۔ اب دونوں وینکوور کے بی سی پلیس میں لیگ کی ترقی کے لیے ایک ساتھ کام کریں گے۔
ظہیر نے کہا کہ کینیڈا سپر 60 ایک بہترین لیگ ہے اور کرکٹ کی ترقی کا اگلا مرحلہ عالمی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سابق کھلاڑیوں کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی قابل اعتماد لیگ کی حمایت کریں جو ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں اور خواتین کرکٹرز کے لیے حقیقی مواقع پیدا کرے۔ یوراج نے بھی ظہیر کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ لیگ میں تجربہ، توانائی اور جوش لائیں گے۔
کینیڈا سپر 60 کا دوسرا سیزن 29 ستمبر سے 4 اکتوبر تک وینکوور کے بی سی پلیس میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں چھ فرنچائزز کے درمیان مردوں اور خواتین کے 24 میچ ہوں گے۔





