نئی دہلی، 5 ستمبر (یو این آئی) اڈانی ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس نے انڈو رشین رائفلز پرائیویٹ لمیٹڈ (آئی آر آر پی ایل) کے ساتھ گولہ بارود کی فراہمی کے لیے پانچ سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
آئی آر آر پی ایل ہندوستان اور روس کا مشترکہ منصوبہ ہے، جو ہندوستان میں اے کے-203 اسالٹ رائفلیں تیار کرتا ہے۔ معاہدے کے تحت اڈانی ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس ان رائفلوں کے لیے 7.62×39 ملی میٹر اسمال کیلیبر گولہ بارود تیار کرکے فراہم کرے گی۔ کمپنی نے ہندوستان میں اس نوعیت کے گولہ بارود کی تیاری کی صلاحیت قائم کی ہے، جس میں کانپور کی فیکٹری بھی شامل ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ معاہدہ چھوٹے ہتھیاروں کی مکمل سپلائی چین میں گھریلو صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے گا اور دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ’آتم نربھر بھارت‘ کی کوششوں کو تقویت دے گا۔ آئی آر آر پی ایل کا قیام 2019 میں ہندوستان-روس بین الحکومتی معاہدے کے تحت ہندوستانی مسلح افواج کے لیے اے کے-203 رائفلوں کی مقامی تیاری کے مقصد سے کیا گیا تھا۔
اس مشترکہ منصوبے کی فیکٹری اتر پردیش کے امیٹھی ضلع کے کوروا میں واقع ہے۔ اس میں ایڈوانسڈ ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ انڈیا لمیٹڈ، میونیشنز انڈیا لمیٹڈ اور روسی کمپنیوں کنسرن کلاشنکوف اور روسوبورون ایکسپورٹ کی شراکت داری ہے۔ دسمبر 2021 میں آئی آر آر پی ایل کے ساتھ 6 لاکھ 14 ہزار سے زائد اے کے-203 رائفلوں کی فراہمی کے لیے معاہدہ کیا گیا تھا۔





