چنئی، 5 ستمبر (یو این آئی) ایشان کشن اور تلک ورما کا ماننا ہے کہ چنئی میں ہونے والے پانچ روزہ دلیپ ٹرافی فائنل اور دہلی میں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی-20 سیریز کے درمیان بہت کم وقفہ ہونا مشکل ہوگا۔ تاہم اتوار سے شروع ہونے والے فائنل میں بالترتیب ایسٹ زون اور ساؤتھ زون کی کپتانی کرنے والے دونوں کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ وہ وائٹ بال کرکٹ کے مطابق خود کو ڈھال لیں گے۔ ایسٹ زون کے نائب کپتان ویبھَو سوریہ ونشی کو بھی دونوں مقابلوں کے درمیان صرف تین دن کا وقفہ ملے گا۔
دلیپ ٹرافی فائنل سے ایک روز قبل کشن نے کہا کہ مختلف فارمیٹس کے درمیان ڈھلنا مشکل ضرور ہے، خاص طور پر جب ٹیسٹ کرکٹ کے بعد اچانک ٹی-20 میں پہلی گیند سے جارحانہ کھیل اختیار کرنا پڑے۔ تاہم ایک پیشہ ور کھلاڑی کی حیثیت سے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے خلاف پہلے ٹی-20 سے قبل دو دن پریکٹس کے لیے مل رہے ہیں، جو ان کے خیال میں کافی ہوں گے۔
تلک ورما نے کہا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے میں تینوں فارمیٹس میں کھیلنے کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دلیپ ٹرافی میں پانچ دن کھیلنے کے بعد ٹی-20 ٹیم سے جڑنا مشکل ہوگا، لیکن دہلی پہنچنے کے بعد دو دن کا وقفہ ملے گا، جس میں پریکٹس اور خود کو تیار کرنے کا موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل گھریلو اور بین الاقوامی میچ کھیلنے کی وجہ سے انہیں مختلف فارمیٹس کے درمیان خود کو ڈھالنے کی عادت ہے۔
کشن نے تیز گیندباز محمد شامی کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان میں اب بھی ہندوستانی ٹیم میں واپسی کی زبردست بھوک اور حوصلہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023 کے عالمی کپ میں شاندار کارکردگی کے تین سال بعد بھی شامی کی شدت اور توانائی قابل ذکر ہے۔ کشن کے مطابق شمی مسلسل ٹیم کے لیے مددگار ثابت ہونے کی کوشش کرتے ہیں اور کپتان کی حیثیت سے وہ کشن کو مشورے بھی دیتے ہیں کہ مختلف حالات میں کیا کیا جاسکتا ہے۔







