لکھنؤ، 5 ستمبر (یو این آئی) میرٹھ ماویرکس کے کپتان رنکو سنگھ نے ہاتھ کی شدید چوٹ اور ناقابل برداشت درد کے باوجود پین کلر لے کر میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا اور نوئیڈا کنگز کو 6 وکٹ سے شکست دے کر یوپی ٹی-20 لیگ کے گرینڈ فائنل میں مسلسل چوتھی بار جگہ بنالی۔
میچ کے بعد رنکو نے کہا کہ وہ ٹیم کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پین کلر لینے کے بعد ہاتھ کی حالت کچھ بہتر تھی، لیکن اب بھی کافی درد ہے۔
135 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میرٹھ کی ٹیم نے 61 رنز پر اپنے چار ٹاپ آرڈر بلے بازوں کے وکٹ گنوا دیے تھے۔ اس کے بعد رنکو سنگھ نے ناٹ آؤٹ 37 رنز (23 گیندیں) اور یش گرگ نے ناٹ آؤٹ 56 رنز (44 گیندیں) بناکر ٹیم کو فتح دلادی۔ اس سے قبل یش گرگ نے گیند سے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوور میں صرف 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
رنکو نے یش گرگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ چار برس سے ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں اور اہم وکٹیں لینے کے ساتھ فیلڈنگ اور بلے بازی میں بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
میرٹھ نے دفاع کرتے ہوئے 19ویں اوور میں رنکو کی گیندبازی کے ذریعے نوئیڈا کے کپتان پرشانت ویر کی وکٹ حاصل کی۔ رنکو نے کہا کہ انہیں یقین تھا کہ وہ پرشانت کو آؤٹ کرسکتے ہیں اور یہ اوور ٹیم کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
میرٹھ ماویرکس اب 6 ستمبر کو لکھنؤ کے اکانا اسٹیڈیم میں گرینڈ فائنل میں لکھنؤ فالکنز کا سامنا کرے گی اور گزشتہ شکست کا بدلہ لینے کی کوشش کرے گی۔







