مونٹی ویڈیو، 5 ستمبر (یو این آئی) یوروگوئے کے ہیڈ کوچ ڈیاگو فورلان نے 6 اکتوبر کو کولکاتا میں ہندوستان کے خلاف ہونے والے بین الاقوامی دوستانہ میچ کے لیے مضبوط ٹیم کا اعلان کیا ہے، جس میں ریئل میڈرڈ کے کپتان فیدریکو والورڈے، رونالڈ اراؤخو اور ڈارون نونیز شامل ہیں۔
یوروگوئے کی ٹیم میں ٹوٹنہم کے روڈریگو بینٹانکور، آرسنل کے سابق کھلاڑی لوکاس ٹوریرا، مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی فاکوندو پیلیستری، ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے جوس ماریا خیمنیز اور نیپولی کے ماتھیاس اولیویرا بھی شامل ہیں۔
ہندوستان اور یوروگوئے کے درمیان یہ دوسرا مقابلہ ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل 1982 میں کولکاتا کے ایڈن گارڈنز میں نہرو کپ میں آمنے سامنے ہوئی تھیں، جہاں یوروگوئے نے 3-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ یوروگوئے اس وقت فیفا عالمی رینکنگ میں 20ویں، جبکہ ہندوستان 138ویں نمبر پر ہے۔
ہندوستان اس سے قبل 25 ستمبر کو بنگلورو میں پاناما اور 3 اکتوبر کو کولکاتا میں برازیل کا سامنا کرے گا، جس کے بعد 6 اکتوبر کو یوروگوئے کے خلاف میچ کھیلا جائے گا۔ ہندوستان کے ہیڈ کوچ خالد جمیل نے تینوں دوستانہ میچوں کے لیے 26 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔






