نیویارک، 5 ستمبر (یو این آئی) پیرس 2024 اولمپین این سری رام بالاجی اور ان کے امریکی ساتھی ایوان کنگ نے یو ایس اوپن 2026 کے مردوں کے ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ دونوں نے نیدرلینڈز کے سینڈر ارینڈز اور ڈیوڈ پیل کو 3-6، 7-6 (7)، 7-6 (10) سے شکست دی۔
دو گھنٹے 56 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں بالاجی اور کنگ نے دوسرے اور تیسرے سیٹ کے دوران مجموعی طور پر چھ میچ پوائنٹس بچائے۔ دوسرے سیٹ کے ٹائی بریک میں انہوں نے دو میچ پوائنٹس بچانے کے بعد 9-7 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ فیصلہ کن ٹائی بریک 12-10 سے جیت کر شاندار واپسی مکمل کی۔
اب بالاجی اور کنگ کا مقابلہ موناکو کے ہیوگو نیس اور فرانس کے ایڈورڈ راجر ویسلین سے ہوگا۔ دوسری جانب دنیا کے 81ویں نمبر کے ڈبلز کھلاڑی نِکی پونچا اور ایکواڈور کے گونزالو ایسکوبار کو پہلے راؤنڈ میں چیکیا کے پیٹر نوزا اور آسٹریا کے نیل اوبرلائٹنر نے 7-6 (3)، 6-7 (7)، 6-2 سے شکست دے دی۔
ہندوستان کے سب سے زیادہ رینک والے ڈبلز کھلاڑی یوکی بھامبری ہفتہ کو نیوزی لینڈ کے مائیکل وینس کے ساتھ اپنی مہم شروع کریں گے۔ دونوں کا مقابلہ پہلے راؤنڈ میں امریکی جوڑی ریان سیگرمین اور پیٹرک ٹرہاک سے ہوگا۔






