نئی دہلی، 18 جولائی (یو این آئی) نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ اور بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا (بائی) کے صدر اور آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمنتا بسوا سرما نے ہفتہ کو بی ڈبلیو ایف ورلڈ چیمپئن شپ، نئی دہلی 2026 کے آفیشل ماسکوٹ "پیکو” کی رونمائی اور چیمپئن شپ کا آفیشل اینتھم جاری کیا۔ اس کے ساتھ ہی 17 سے 23 اگست تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والی عالمی چیمپئن شپ کے آغاز میں صرف 30 دن باقی رہ جانے پر باضابطہ الٹی گنتی بھی شروع ہو گئی۔
چیمپئن شپ کے آفیشل اینتھم میں ہندوستان کی 16 رکنی عالمی چیمپئن شپ ٹیم کو شامل کیا گیا ہے، جس میں پی وی سندھو، لکشیہ سین، ساتوک سائی راج رنکی ریڈی، چراغ شیٹی سمیت دیگر نمایاں شٹلر نظر آتے ہیں۔ یہ اینتھم ہندوستانی بیڈمنٹن کے اعتماد، اتحاد، بلند حوصلے اور عالمی سطح پر اپنی شناخت مضبوط بنانے کے عزم کی ترجمانی کرتا ہے۔ پہلی مرتبہ تمام 16 ہندوستانی شٹلر کورٹ سے باہر ایک ہی ویڈیو میں دکھائی دے رہے ہیں، جو گزشتہ 17 برسوں میں ہندوستان میں ہونے والے سب سے بڑے بیڈمنٹن ایونٹ سے قبل کھیل کی نئی اور جدید شناخت پیش کرتا ہے۔
مور سے متاثر آفیشل ماسکوٹ پیکو” آئندہ دنوں میں بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا کی ملک گیر مداح مہم کا چہرہ ہوگا۔ ماسکوٹ کے ڈیزائن میں مور کے ساتھ شٹل کاک کی ساخت سے متاثر لباس شامل کیا گیا ہے، جو نہ صرف ہندوستانی ثقافت بلکہ نئی دہلی میں بیڈمنٹن کی مقبولیت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
نقاب کشائی کی تقریب میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) کے ڈائریکٹر جنرل ہری رنجن راؤ، بائی کے جنرل سکریٹری سنجے مشرا، ہندوستانی بیڈمنٹن کے لیجنڈ پلیلا گوپی چند، کھیلوں کے اعلیٰ حکام اور بیڈمنٹن برادری کے متعدد ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیمپئن شپ کی تیاریوں کے آخری مرحلے کے آغاز کا بھی باضابطہ اعلان کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان عالمی کھیلوں کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھرا ہے اور متعدد عالمی معیار کے مقابلوں کی کامیاب میزبانی کر چکا ہے۔ ان کے مطابق بی ڈبلیو ایف ورلڈ چیمپئن شپ، نئی دہلی 2026 اس سفر کا ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جو بیڈمنٹن کی بڑھتی ہوئی عالمی حیثیت اور عالمی معیار کا کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ہمنتا بسوا سرما نے کہا کہ 17 برس بعد ہندوستان میں ورلڈ چیمپئن شپ کی واپسی ملک کے بیڈمنٹن کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان آج دنیا کی بڑی بیڈمنٹن طاقتوں میں شمار ہوتا ہے اور نئی دہلی 2026 نہ صرف عالمی معیار کے مقابلوں کی میزبانی کا موقع فراہم کرے گی بلکہ نئی نسل کو اس کھیل سے جوڑنے اور لاکھوں نوجوانوں کو بیڈمنٹن اپنانے کی ترغیب بھی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماسکوٹ "پیکو” اور آفیشل اینتھم اسی سفر کا پہلا قدم ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ چیمپئن شپ ہندوتانی بیڈمنٹن کے لیے ایک دیرپا وراثت چھوڑے گی۔





